پاکستان میں کورونا وائرس کے 270 مریضوں کا اضافہ، 6 اموات کی تصدیق

اپ ڈیٹ 01 ستمبر 2020
پاکستان میں کیسز میں کمی کے بعد سنیما ہالز بھی کھل گئے ہیں—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں کیسز میں کمی کے بعد سنیما ہالز بھی کھل گئے ہیں—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہے اور تقریباً 95 فیصد مریض شفایاب ہوگئے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 933 ہوچکی ہے جس میں سے 2 لاکھ 80 ہزار 682 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 294 کا انتقال ہوا ہے۔

آج 31 اگست کو ملک میں مزید 270 مریضوں اور 6 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 135 افراد صحتیاب ہوگئے جبکہ بلوچستان کے گزشتہ روز کے اعداد و شمار آج رپورٹ ہوئے جس کے مطابق وہاں مزید 27 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

دنیا کے بیشتر ممالک میں اس عالمی وبا کے پھیلاؤ میں اضافے کے برعکس پاکستان میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔

تاہم ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ ذراسی لاپرواہی اور بے احتیاطی اس وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔

اگرچہ مجموعی صورتحال کی بات کریں تو پاکستان میں اس عالمی وبا نے 6 ماہ سے زائد عرصہ پورا کرلیا ہے اور اس دوران یہ مختلف مراحل سے گزری ہے۔

26 فروری کو کورونا وائرس کی وبا کے پہلے کیس سے 31 مارچ تک ملک میں کورونا کیسز کی تعداد کافی کم تھی، تاہم اپریل کے مہینےمیں اس میں اضافہ شروع ہوا جو مئی میں کافی حد تک بڑھ گیا۔

تاہم جون کا مہینہ ایسا تھا جس میں یہ وائرس اپنی بلندیوں کو پہنچا اور یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرنے لگیں جبکہ ہسپتال پر دباؤ بھی بڑھ گیا۔

بعد ازاں جولائی کے مہینے میں کیسز اور اموات میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست کے مہینے میں صورتحال بہتر ہوگئی اور یومیہ کیسز سیکڑوں اور اموات اوسطاً درجن بھر تک پہنچ گئیں۔

آج 31 اگست کو سامنے آنے والے اعداد و شمار کے بعد صورتحال کچھ اس طرح کی ہے۔

سندھ

سرکاری سطح پر قائم پورٹل کے مطابق سندھ میں 30 اگست کو جو کیسز رپورٹ ہوئے ان کی تعداد 80 تھی۔

31 اگست کو سامنے آئے ان اعداد و شمار کے مطابق مزید 80 مریضوں کے بعد مجموعی کیسز ایک لاکھ 29 ہزار 348 ہوگئی۔

مزید یہ کہ 3 افراد کے انتقال کرنے سے وہاں اموات کی مجموعی تعداد 2401 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 28 مریضوں اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز 96 ہزار 769 تک پہنچ گئے۔

اس کے علاوہ 2 نئی اموات صوبے کی مجموعی اموات کی تعداد کو 2198 تک لے گئیں۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان کی یومیہ رپورٹ میں کورونا کے مزید 10 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 12 ہزار 879 ہوگئی۔

صوبے میں گزشتہ 11 روز سے وبا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی اور اموات 141 پر برقرار ہیں۔

قبل ازیں 30 اگست کے آج سامنے آنے والے کیسز کے مطابق بلوچستان میں کورونا وائرس کے نئے 27 کیسز کی تصدیق ہوئی، جس سے وہاں کیسز کی تعداد 12 ہزار 869 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس نے مزید 14 افراد کو متاثر کیا۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے ان 14 مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 15 ہزار 625 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 74 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 36 ہزار 118 ہوگئی۔

صوبے میں پیر کو وائرس سے کوئی نئی موت واقع نہیں ہوئی اور اموات کی تعداد 1250 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

ملک میں دوسرے نمبر پر کم متاثر علاقے گلگت بلتستان میں کورونا وائرس مزید 33 افراد کو متاثر کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے ان نئے کیسز کے بعد وہاں مجموعی تعداد 2 ہزار 896 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

پاکستان کے سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں مزید 4 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک کا انتقال ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق ان 4 نئے مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 298 ہوگئی۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کرنے سے اموات 62 تک جا پہنچیں۔

صحتیاب افراد

ملک میں کورونا وائرس سے تقریباً 95 فیصد مریض صحتیاب ہوگئے ہیں اور اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کا صحتیاب ہونا باقی رہ جانے والے مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان صحتیاب افراد کی تعداد میں 135 کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار 682 ہوگئی ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 295933

اموات: 6294

صحتیاب: 280682

فعال کیسز: 8957

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 348 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 96 ہزار 769 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 36 ہزار 118 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 879 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 625، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 896 اور کشمیر میں 2 ہزار 297 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال

سندھ: 2401

پنجاب: 2198

خیبرپختونخوا: 1250

بلوچستان: 141

اسلام آباد: 175

آزاد کشمیر: 62

گلگت بلتستان: 67

تبصرے (0) بند ہیں