پاکستان میں کورونا کے 96 فیصد مریض صحتیاب، فعال کیسز ساڑھے 6 ہزار سے زائد

اپ ڈیٹ 09 ستمبر 2020
پاکستان میں کیسز کی تعداد میں کمی آرہی ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں کیسز کی تعداد میں کمی آرہی ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں 2 لاکھ 99 ہزار 106 کیسز میں سے 2 لاکھ 86 ہزار 16 صحتیاب ہوگئے ہیں جو تقریباً 96 فیصد ہے جبکہ 6 ہزار 348 کا انتقال ہوا ہے۔

ملک میں اس عالمی وبا کو 6 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے اور اب صورتحال دن بدن بہتر ہورہی ہے۔

آج (7 ستمبر) کو ملک بھر میں 409 نئے کیسز اور 5 اموات کی تصدیق ہوئی جس میں گزشتہ روز کے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے 97 کیسز بھی شامل ہیں جبکہ انتقال کرنے والے 5 میں سے ایک فرد کا تعلق بھی بلوچستان سے تھا۔

پاکستان میں اس عالمی وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں رپورٹ ہوا جس کے بعد ملک بھر سے کیسز سامنے آنے لگے۔

پہلے کیس کے سامنے آتے ہی تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلان کیا گیا جو تاحال بند ہیں جبکہ اس کے بعد ملک بھر میں مرحلہ وار لاک ڈاؤن شروع ہوا۔

جس میں کئی مرتبہ توسیع ہوئی تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ لاک ڈاؤن، اسمارٹ لاک ڈاؤن میں تبدیل ہوا اور معیشت کے مختلف شعبوں کو کھولنے کی اجازت دی گئی۔

بعد ازاں اگست کے مہینے میں ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے تحت عائد کی گئی پابندیوں کو بڑی حد تک ختم کردیا گیا تاہم تعلیمی ادارے اور شادی ہالز تاحال بند ہیں۔

اگرچہ تعلیمی اداروں کو 15 ستمبر سے کھولنے کا کہا گیا تھا لیکن اس حوالے سے حتمی فیصلہ آج بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

آج (7 ستمبر) کی صورتحال کو دیکھیں تو ملک میں کیسز اور اموات کچھ اس طرح ہیں۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 136 نئے کیسز اور 2 اموات کی تصدیق ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار 807 ہوگئی۔

اس کے علاوہ صوبے میں 2 افراد کا انتقال بھی ہوا اور مجموعی اموات 2 ہزار 425 تک پہنچ گئیں۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس مزید 60 افراد کو متاثر کرگیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی نئی موت نہیں رپورٹ ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے ان نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 97 ہزار 226 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی وبا کورونا وائرس کے مزید 16 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق ان نئے 16 مریضوں نے دارالحکومت میں کیسز کی تعداد کو 15 ہزار 750 تک پہنچا دیا۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کرجانے سے وہاں مجموعی اموات کی تعداد 176 ہوگئی۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان کی یومیہ رپورٹ میں کورونا کے 29 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 13 ہزار 321 ہوگئی۔

صوبے میں پیر کو کورونا سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 145 پر برقرار ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران بلوچستان میں کورونا کے 292 ٹیسٹ کیے گئے۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے مزید 38 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 36 ہزار 663 ہوگئی۔

صوبے میں وبا سے مزید ایک مریض دم توڑ گیا جس کے بعد خیبر پختونخوا میں وائرس سے مجموعی اموات 1256 ہوگئی ہیں۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت میں مزید 29 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 29 مریضوں میں وائرس کی تصدیق کے بعد مجموعی کیسز 3 ہزار 8 تک پہنچ گئے۔

آزاد کشمیر

پاکستان میں سب سے کم متاثرہ حصے آزاد کشمیر میں مزید 4 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آئے ان 4 مریضوں نے کیسز کی مجموعی تعداد کو 2 ہزار 331 تک پہنچا دیا۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

ملک میں مریضوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا دیگر مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 118 مریض شفایاب ہوگئے جس کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 86 ہزار 16 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا تقریباً 96 فیصد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 299106

اموات: 6347

صحتیاب: 286016

فعال کیسز: 6742

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار 807 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 97 ہزار 226 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 36 ہزار 663 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 13 ہزار 321 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 750، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 3008 اور کشمیر میں 2 ہزار 331 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2425

پنجاب: 2210

خیبرپختونخوا: 1256

بلوچستان: 145

اسلام آباد: 176

آزاد کشمیر: 65

گلگت بلتستان: 71

تبصرے (0) بند ہیں