پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز 3 لاکھ سے تجاوز کر گئے

اپ ڈیٹ 11 ستمبر 2020
پاکستان میں کیسز کی تعداد میں کمی آرہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کیسز کی تعداد میں کمی آرہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 267 ہوگئی جس میں 2 لاکھ 87 ہزار 950 صحتیاب بھی ہوگئے جو 96 فیصد ہے۔

اس کے علاوہ ملک میں ابھی تک کورونا وائرس کی وجہ انتقال کرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 368 ہوگئی ہے۔

ملک میں آج (10 ستمبر) کو کورونا وائرس کے مزید 593 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ خوش قسمتی سے پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔

تاہم یہاں یہ واضح رہے کہ بلوچستان کے گزشتہ روز کے 70 کیسز کی تصدیق آج ہوئی، جس کے بعد تعداد 13 ہزار 472 تک پہنچی تاہم حکومت بلوچستان نے ان مجموعی کیسز میں سے 245 ڈپلیکیٹ کیسز کا خاتمہ کیا، یوں وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 13 ہزار 227 ہوگئی۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو سامنے آیا جس کے بعد سے اب تک اس عالمی وبا کو ساڑھے 6 ماہ کا عرصہ مکمل ہوچکا ہے۔

اس عرصے میں وائرس کے کیسز میں کمی اور تیزی دونوں دیکھی گئی اور جون کا مہینہ ملک میں اس وائرس کے کیسز اور اموات کے حساب سے سب سے زیادہ تشویشناک ثابت ہوا۔

جون کے مہینے میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئی تھیں جس کی وجہ سے ہسپتالوں پر دباؤ بڑھ گیا تھا۔

تاہم جولائی میں کورونا کیسز میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں صورتحال کافی بہتر ہوگئی جس کے نتائج ستمبر میں بھی آرہے ہیں اور اسی بہتر صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت نے 6 ماہ سے بند تعلیمی اداروں کو 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آج (10 ستمبر) کو ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں صوبے میں کورونا کے 289 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے بھر میں کیسز کی تعداد 1 لاکھ 31 ہزار 404 ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 3 مریض وائرس سے جاں بحق بھی ہوگئے جس کے بعد انتقال کرنے والے مریضوں کی تعداد 2439 ہوگئی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مزید 101 مریض وبا سے صحتیاب ہوئے اور اب تک مجموعی طور پر 1 لاکھ 26 ہزار 704 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب

صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز میں مزید 72 نئے مریضوں کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 72 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی، جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 97 ہزار 461 ہوگئی۔

تاہم خوش قسمتی سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کی عالمی وبا کے مزید 24 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں آئے ان نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 804 ہوگئی۔

تاہم وفاقی دارالحکومت میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے باعث کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 68 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 36 ہزار 823 ہوگئی۔

صوبے میں وبا سے مزید کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی اور مجموعی اموات کی تعداد 1256 پر برقرار ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان کی یومیہ صورتحال کی رپورٹ میں کورونا کے مزید 55 کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 13 ہزار 282 ہوگئی۔

صوبے میں جمعرات کو بھی کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا اور اموات 145 پر برقرار ہیں۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 69 مریضوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

اس نئے اعداد و شمار کے بعد وہاں اب تک متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3 ہزار 137 تک پہنچ گئی۔

وہاں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوئی نئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

آزاد کشمیر

پاکستان میں سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مزید 16 لوگوں کو متاثر کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 16 مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 356 ہوگئی، تاہم وہاں بھی کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 444 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ان نئے صحتیاب ہونے والوں کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 87 ہزار 950 تک پہنچ گئی جو مجموعی کیسز کا 96 فیصد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 300267

اموات: 6368

صحتیاب: 287950

فعال کیسز: 5949

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 31 ہزار 404 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 97 ہزار 461 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 36 ہزار 823 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 13 ہزار 282 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 804، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 137 اور کشمیر میں 2 ہزار 356 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2439

پنجاب: 2213

خیبرپختونخوا: 1256

بلوچستان: 145

اسلام آباد: 177

آزاد کشمیر: 65

گلگت بلتستان: 73


پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کیے تاہم بعد ازاں صورتحال بہتری کی جانب واپس گامزن ہوئی اور اب تک 3 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں