کیا فیس ماسک کووڈ 19 کے خلاف ویکسین جیسا اثر رکھتا ہے؟

10 ستمبر 2020
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

نئے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے دنیا ایک محفوظ اور موثر ویکسین کی منتظر ہے مگر ایک نئی تحقیق میں عندیہ دیا گیا ہے کہ اربوں افراد کے پاس پہلے سے ہی ایک قسم کی خام ویکسین موجود ہے اور وہ ہے فیس ماسک۔

جی ہاں طبی ماہرین نے یہ نظریہ پیش کیا ہے کہ فیس ماسک کورونا وائرس کے ذرات کو فلٹر کرکے ان کی شرح اتنی کم کردیتے ہیں جو ماسک پہننے والا جسم کے اندر کھینچ لے تو اس حد تک ہی بیمار ہوتے ہیں جس میں علامات سامنے نہیں آتیں۔

یعنی بالکل ویکسینیشن کی طرح کا کام فیس ماسک مدافعتی ردعمل کے حوالے سے کرتا ہے جو وائرس کی معمولی مقدار ماسک پہننے والے کے اندر پہنچا دیتا ہے جو کسی سنگین بیماری کا باعث نہیں ہوتا۔

طبی جریدے نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسین میں شائع تحقیق میں کہا گیا کہ اگر یہ نظریہ درست ثابت ہوا تو بڑے پیمانے پر فیس ماسک وہ بھی کسی بھی قسم کے ماسک کا استعمال بڑھے گا اور اس سے کووڈ 19 کے بغیر علامات والے کیسز کی شرح بڑھے گی۔

کیلیفورنیا یونیورسٹی کے محققین ڈاکٹر مونیکا گاندھی اور ڈاکٹر جارج رتھرفورڈ نے کہا کہ ایسے شواہد موجود ہیں کہ فیس ماسک اس طرح کام کرتے ہیں جیسا نظریہ انہوں نے پیش کیا ہے۔

انہوں نے 1930 کی دہائی سے اب تک جانوروں پر ہونے والی تحقیقی رپورٹس کی جانب اشارہ کیا جن میں بتایا گیا کہ کتنی مقدار میں وائرل ذرات سنگین بیماری کے لیے درکار ہوتے ہیں۔

محققین کا کہنا تھا کہ حال ہی میں چوہوں پر ہونے والی تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا تھا کہ وائرس کے زیادہ ذرات کے نتیجے میں کووڈ 19 کی سنگین شدت کا سامنا ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب چوہوں کو ماسک کے ذریعے تحفظ فراہم کیا گیا تو ان میں بیماری کی علامات معتدل رہیں یا نمودار ہی نہیں ہوئیں۔

اخلاقی وجوہات کی وجہ سے انسانوں پر اس طرح کے ٹرائلز نہیں ہوئے مگر آبادیوں پر ہونے والی تحقیقی رپورٹس سے بھی 'ماسک کے ویکسین' ہونے کے خیال کو تقویت ملتی ہے۔

مثال کے طور پر امریکا کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن نے بتایا تھا کہ جولائی کے وسط میں کورونا وائرس کے 40 فیصد کیسز بغیر علامات کے تھے مگر امریکا کے جن حصوں میں ماسک پہننے کا رجحان زیادہ ہے وہاں یہ شرح 80 فیصد تک پہنچ گئی۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ بحری جہازوں میں کورونا وائرس کی وبا کے آغاز میں جب فیس ماسک کا استعمال عام نہیں تھا تو بغیر علامات والے کیسز کی شرح 20 فیصد تھی، مگر ارجنٹائن کے ایک جہاز میں جہاں فیس ماسک کا استعمال عام تھا، وہاں یہ شرح 81 فیصد ریکارڈ ہوئی۔

اسی طرح امریکا کے فوڈ پراسیسنگ پلانٹس میں جہاں فیس ماسک کا استعمال لازمی تھا، وہاں کورونا کی وبا پھیلنے پر 95 فیصد کیسز میں علامات سامنے نہیں آئیں جبکہ باقی 5 فیصد میں بھی معمولی سے معتدل علامات دیکھی گئیں۔

محققین کے مطابق اگر چہرے کو ڈھانپنے سے کسی فرد میں متاثر کرنے والے وائرس کی کم مقدار جائے تو ان میں معمولی یا بغیر علامات کے بیماری کی تشخیص ہوتی ہے جس سے کسی حد تک امیونٹی یا مدافعت پیدا ہوجاتی ہے۔

مگر دیگر طبی ماہرین نے انتباہ کیا کہ فیس ماسک کو محفوظ اور موثر ویکسین کا متبادل نہ سمجھا جائے۔

ایموری یونیورسٹی کی ویکسین ماہر جیوٹی رنگارجن نے کہا کہ زندہ وائرس کی معمولی مقدار کو جسم میں اتار لینا کسی ویکسین کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ہے، کیونکہ ہر فرد کا مدافعتی ردعمل مختلف ہوسکتا ہے جبکہ جینیاتی اور دیگر وجوہات بھی مدنظر رکھنا ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تو یہ ممکن ہے کہ بہت کم مقدار میں بھی یہ وائرس کچھ افراد کو بہت زیادہ بیمار کرسکتا ہے۔

مگر کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا تھا کہ فیس ماسک کا استعمال بیماری کے خطرے کو کم کرتا ہے جبکہ اس وقت جب دنیا ایک ویکسین کی منتظر ہے، اس وقت بغیر علامات والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ اس وبا کو کم جان لیوا بنانے کے ساتھ آبادی کی سطح پر مدافعت کو بھی بڑھا سکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں