کراچی: ڈاکوؤں سے مقابلے میں سب انسپکٹر شہید

اپ ڈیٹ 25 ستمبر 2020
مقابلہ گلستان جوہر میں ہوا—فائل فوٹو
مقابلہ گلستان جوہر میں ہوا—فائل فوٹو

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایڈیشنل (ایس ایچ او) اسٹیشن ہاؤس افسر/سب انسپکٹر (ایس آئی) عبدالرحیم شہید ہوگئے۔

گلستان جوہر پولیس کے مطابق سماما شاپنگ مال کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس نے بتایا کہ سفید کورولا میں موجود ملزمان اور پولیس پارٹی کے درمیان ہونے والے مقابلے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے ایڈیشنل ایس ایچ او/ایس آئی عبدالرحیم شہید ہوگئے جبکہ ملزمان وہاں سے فرار ہوگئے۔

مزید پڑھیں: کراچی: پولیس افسر کے قتل کے الزام میں گرفتار 5 ملزمان بری

بعدازاں ملزمان کی فائرنگ سے جان کی بازی ہارنے والے پولیس اہلکار کی لاش کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ پولیس کی جانب سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

ادھر ترجمان کراچی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ تھانہ گلستان جوہر میں تعینات سب انسپکٹر عبدالرحیم خان فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہوگئے، بہادر پولیس افسر کی شہادت محکمہ پولیس کے لیے نقصان ضرور ہے لیکن یہ باعث فخر بھی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کراچی پولیس رحیم خان کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی، فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، ان ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کراچی کے عوام کو یقین دلایا کہ پولیس ہر طرح کے حالات میں ان کے ساتھ کھڑی ہے، اسٹریٹ کرائم اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کراچی پولیس نبرد آزما ہے اور ہر طرح کی قربانی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جولائی میں کراچی کے علاقے کورنگی میں موٹرسائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق، وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا

ترجمان پولیس نے بتایا تھا کہ جس وقت ملزمان نے ہیڈ کانسٹیبل اصغر کو نشانہ بنایا تھا وہ باوردی تھے اور ملزمان حملے کے بعد فرار ہوگئے جبکہ سرکاری پستول بھی ساتھ لے گئے تھے۔

قبل ازیں گزشتہ برس جون میں بھی موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے ڈیوٹی پر جانے والے 2 پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں دونوں جان کی بازی ہار گئے تھے۔

واقعہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے مصروف ترین علاقے نوری چوک کے قریب پیش آیا تھا جب احمد علی اور اللہ دتہ نامی پولیس اہلکار ڈیوٹی پر جارہے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں