انگلش براڈکاسٹر نے انسٹاگرام پر اداکارہ جینیفر اینسٹن کا ریکارڈ توڑ دیا

اپ ڈیٹ 28 ستمبر 2020
صرف 4 گھنٹے 44 منٹس میں سر ڈیوڈ ایٹنبرو کے انسٹا فالوورز کی تعداد 10لاکھ تک پہنچ گئی تھی— فوٹو: الامی اسٹاک
صرف 4 گھنٹے 44 منٹس میں سر ڈیوڈ ایٹنبرو کے انسٹا فالوورز کی تعداد 10لاکھ تک پہنچ گئی تھی— فوٹو: الامی اسٹاک

انگلش براڈکاسٹر اور بین الاقوامی ماہر برائے جنگلی حیات و ماحولیات سر ڈیوڈ ایٹنبرو نے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر سب سے کم وقت میں 10 لاکھ فالوورز کا اداکارہ جینفر اینسٹن کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

گینز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق 24 ستمبر کو صرف 4 گھنٹے 44 منٹس میں سر ڈیوڈ ایٹنبرو کے انسٹا فالوورز کی تعداد 10لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔

سر ڈیوڈ ایٹنبرو نے اپنی پہلی پوسٹ میں ایک منٹ 13 سیکنڈ پر مبنی ایک ویڈیو جاری کی اور ساتھ ہی ایک طویل کیپشن لکھا۔

انہوں نے لکھا ہمارے سیارے کو بچانا اب ایک مواصلاتی چیلنج ہے۔

اپنی پہلی ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ میں یہ اقدام اٹھارہا ہوں اور مواصلات کے اس نئے ذریعے کا جائزہ لے رہا ہوں کیونکہ ہم سب جانتے ہیں کہ دنیا خطرے میں ہے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے کہا کہ براعظموں میں آگ لگی ہوئی ہے، گلیشیئرز پگھل رہے ہیں، کورل ریفس مررہے ہیں، ہمارے سمندروں سے مچھلیاں غائب ہو رہی ہیں، یہ فہرست بڑھتی جارہی ہے ہمارے سیارے کو بچانا اب مواصلاتی چیلنج ہے۔

ان سے قبل یہ اعزاز امریکی شو فرینڈز کی اداکارہ جینیفر ایسٹن کے پاس تھا، انہیں صرف 5 گھنٹے اور 16 منٹس میں 10 لاکھ افراد نے فالو کیا تھا۔

جینیفر ایسٹن سے قبل انسٹاگرام پر کم وقت میں سب سے زیادہ فالوورز کا ریکارڈ ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس، شہزاد ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے پاس تھا۔

ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کو اپریل 2019 میں 5 گھنٹے اور 45 منٹس میں 10 لاکھ افراد نے فالو کیا تھا۔

سر ڈیوڈ ایٹنبرو کے فالوورز کی تعداد پہلی پوسٹ کے 24 گھنٹوں کے اندر 25 لاکھ ہوگئی تھی تاہم انسٹاگرام پر سب سے زیادہ 23 کروڑ 80 لاکھ فالوورز فٹ بالر کرسٹیانو رونلڈو کے ہیں۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ کے فلمساز، جونی ہیوز اور کولن بٹ فیلڈ کے مطابق سر ڈیوڈ ایٹنبرو سوشل میڈیا پر زیادہ وقت نہیں گزارتے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ سر ڈیوڈ ایٹنبرو نے انسٹاگرام کے لیے پہلی پوسٹ جیسے مختلف پیغامات ریکارڈ کیے ہیں لیکن اکاؤنٹ کو چلانے میں ہم ان کی مدد کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ انسٹاگرام پر پہلی پوسٹ کے علاوہ ان کی ایک کتاب اور اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس پر دستاویز بھی ریلیز ہونے والی ہیں اور دونوں کا عنوان 'آ لائف آن آر پلانٹ' (ہمارے سیارے پر زندگی) ہے۔

4 اکتوبر کو نیٹ فلیکس پر ریلیز ہونے والی دستاویزی فلم میں ان کے کیریئر پر نظر ڈالی جائے گی اور ساتھ ہی سیارے کے ماحول اور حیاتی نظام میں تنوع کے زوال کی عکاسی کی جائے گی جس کا انہوں نے خود مشاہدہ کیا ہے۔

سر ڈیوڈ ایٹنبرو کا کہنا تھا کہ وہ انسٹاگرام کا استعمال ویڈیوز شیئر کرنے کے لیے کریں گے جن میں یہ بتایا جائے کہ ہمارے سیارے کے کیا مسائل ہیں اور ہم ان سے کس طرح نمٹ سکتے ہیں۔

ویڈیو کے آخر میں انہوں نے کہا کہ آئیے میرے ساتھ شامل ہو جائیں یا جیسے ہم ریڈیو کے ابتدائی دنوں میں کہتے تھے کہ ہمارے ساتھ جڑے رہیے گا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

تبصرے (0) بند ہیں