ریما خان کو لوگوں نے ’خوبصورت سردار‘ قرار دے دیا

اپ ڈیٹ 12 نومبر 2020
اداکارہ کے منفرد انداز کو سراہا گیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ کے منفرد انداز کو سراہا گیا—فوٹو: انسٹاگرام

شوبز اور فنون لطیفہ سے وابستہ شخصیات عام طور پر مداحوں کا دل لبھانے اور ان کی توجہ حاصل کرنے کے لیے مختلف روپ دھارتی رہتی ہیں اور بعض مرتبہ شوبز شخصیات کے منفرد روپ دھارنے کو بہت پسند بھی کیا جاتا ہے۔

ایسا ہی مختلف روپ حال ہی میں اداکارہ ریما خان نے بھی اپنایا اور انہوں نے اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کردیں، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔

اداکارہ ریما خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دوست خاتون کے ساتھ اپنے منفرد روپ کی تصاویر شیئر کیں، جسے لوگوں نے کافی سراہا اور اداکارہ کی تعریفیں کی گئیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ریما خان کی جانب سے شیئر کی گئی دو تصاویر میں انہیں مردانہ لباس میں دیکھا جا سکتا ہے اور ساتھ ہی انہوں نے چہرے پر مصنوعی داڑھی اور مونچھیں لگا رکھی ہیں۔

ریما خان نے تصاویر میں سر پر پگڑی اور گلے میں مردانہ انداز میں رومال لٹکایا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انٹرویو نہ دینے پر صحافی نے سیاستدان کے ساتھ اسکینڈل بنایا، ریما خان

اداکارہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد انہیں کافی سراہا گیا اور ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

کئی افراد نے ان کی تصاویر پر کمنٹس دیے کہ وہ اس روپ میں پہنچاننے میں ہی نہیں آ رہیں جب کہ کچھ افراد نے ان کے روپ کو سراہتے ہوئے انہیں خوبصورت قرار دیا۔

بعض افراد نے مذاق میں ان کی تصاویر پر لکھا کہ وہ نئے روپ میں ’خوبصورت سردار‘ لگ رہی ہیں۔

مداحوں نے اداکارہ کی تصاویر کی تعریف کی—اسکرین شاٹ
مداحوں نے اداکارہ کی تصاویر کی تعریف کی—اسکرین شاٹ

اگرچہ ریما خان اس وقت شوبز کی دنیا سے کچھ دور ہیں تاہم وہ سوشل میڈیا پر سرگرم رہتی ہیں اور مختلف مواقع پر تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں۔

امریکا میں صدارتی انتخابات کے موقع پر بھی انہوں نے سابق امریکی صدر ابراہم لنکوسن کے مجسمے کے ساتھ کھچوائی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کا ایک قول بھی شیئر کیا۔

مزید پڑھیں: میرا کے حوالے سے ریما خان کا اہم بیان

اداکارہ نے ابراہم لنکوسن کا قول لکھا کہ ’دنیا کے تمام مرد حضرات کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے لیکن اگر آپ کسی مرد کا کردار جانچنا چاہتے ہوں تو اسے طاقت دے دیں‘۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

ریما خان نے سابق امریکی صدر کے قول کو لکھتے ہوئے نومنتخب صدر جوبائیڈن کے حوالے سے اُمید کا اظہار کیا کہ وہ دنیا میں ہم آہنگی کے فروغ میں کردار ادا کریں گے۔

خیال رہے کہ ریما خان نے 2011 میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر طارق شہاب کے ساتھ شادی کرکے امریکا منتقل ہوگئی تھیں۔

شادی کے بعد چند سال تک وہ شوبز سے دور رہیں بعد ازاں انہوں نے شوبز میں واپسی کی اور وہ مختلف تقریبات اور منصوبوں میں بھی دکھائی دیں۔

ریما خان کا ایک بیٹا ہے اور شاندار اداکاری پر مارچ 2019 میں حکومت پاکستان نے ریما کو تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا تھا۔

ریما خان نے 2011 میں ڈاکٹر طارق شہاب سے شادی کی تھی، جس کے بعد وہ امریکا منتقل ہوگئیں—فوٹو: انسٹاگرام
ریما خان نے 2011 میں ڈاکٹر طارق شہاب سے شادی کی تھی، جس کے بعد وہ امریکا منتقل ہوگئیں—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (0) بند ہیں