چین سے تعلق رکھنے والی کمپنی زی ٹی ای نے ستمبر میں دنیا کا پہلا ڈسپلے کے اندر نصب کیمرا والا فون ایکسون 20 فائیو جی عام صارفین کے لیے متعارف کرایا تھا۔

اس ٹیکنالوجی کے لیے مختلف کمپنیوں کی جانب سے کام کیا جارہا ہے مگر زی ٹی ای نے ایسے کمرشل فون کے حوالے سے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

یہ فون اس وقت متعدد مماک میں دستیاب بھی ہے مگر اب کمپنی نے اس کا ایک مختلف اور ممکنہ طور پر سستا ورژن متعارف کرایا ہے۔

ایکسون 20 کو اب 4 جی ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے جس میں یونی سوک ٹائیگر ٹی 618 پراسیسر دیا گیا ہے۔

زی ٹی ای ایکسون 20 فور جی میں بھی سیلفی کیمرے کو اسکرین کے اندر چھپایا گیا ہے جبکہ دیگر فیچرز بھی پراسیسر کو نکال کر لگ بھگ یکساں ہی ہیں۔

یونی سوک کا یہ پراسیسر اسنیپ ڈراگون 765 جی سے مختلف ہے اور یہی اس فون میں نمایاں فرق ہے۔

اس نئے ورژن والے ایکسون 20 میں 6.9 انچ کا ایف ایچ ڈی پلس او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جس میں 90 ہرٹز ریفریش ریٹ دیا گیا ہے جبکہ فنگرپرنٹ اسکینر بھی اسکرین کے اندر ہی دیا گیا ہے۔

6 سے 8 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔

فون کی بیٹری 4220 ایم اے ایچ کی ہے جس کے ساتھ 30 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے جبکہ اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج کمپنی کے اپنے مائی فیور 10.5 یوزر انٹرفیس سے کیا ہے۔

ڈیوائس کے بیک پر کواڈ کیمرا سیٹ اپ ہے جس میں 64 میگا پکسل مین کیمرے کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ سنسر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہہ ڈیپتھ ڈیٹا اور میکرو شوٹس کے لیے 2، دو میگا پکسل کیمرے دیئے گئے ہیں۔

جہاں تک انڈر ڈسپلے کیمرے کی بات ہے تو کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے ڈسپلے کے اندر چھپے کیمرے کے لیے 5 ٹیکنالوجیز کو آپس میں ملایا ہے جبکہ ایک خصوصی میٹریل استعمال کیا ہے تاکہ لینس میں لائٹ ان پٹ کو بہتر بنایا جاسکے۔

اسی طرح ایک ڈوئل کنٹرول چپ اور ڈرائیور سرکٹ دیا گیا ہے جو فون کے ڈسپلے اور رنگوں کے ساتھ کام کرکے اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ کیمرا اور ڈسپلے ایک دوسرے کے فنکشن میں مداخلت نہ کریں۔

انڈر ڈسپلے کیمرے کے لیے ایک نیا شوٹنگ الگورتھم فون کا حصہ بنایا گیا ہے جو روشنی کے مطابق خود کو ڈھال کر تصویر کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔

ڈسپلے کے اندر یہ کیمرا 32 میگا پکسل کا ہے اور کمپنی کے مطابق پکسل ارینجمنٹ کے ذریعے لینس کو اسکرین کا حصہ بنادیا گیا ہے۔

کمپنی نے قیمت اور دستیاب کے بارے میں اب تک کوئی اعلان نہیں کیا مگر توقع ہے کہ یہ 5 جی ورژن سے سستا ہوگا جس کا 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 2198 چینی یوآن (53 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ورژن 2498 یوآن (60 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا فون 2798 یوآن (67 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں