اگر فیس ماسک نہیں پہنتے تو یہ جاننا آپ کے لیے ضروری ہے

28 نومبر 2020
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی— شٹر اسٹاک فوٹو

فیس ماسک نئے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

مایو کلینک کی تحقیق میں پتلوں کو استعمال کرے مختلف فاصلوں سے منہ یا ناک سے خارج ہونے والے ذرات کی مقدار کی جانچ پڑتال فیس ماسک یا اس کے بغیر کی گئی۔

اس تحقیق کے نتائج ابھی کسی طبی جریدے میں شائع نہیں ہوئے بلکہ مایو کلینک نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کیے ہیں۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ 3 فٹ کی سماجی دوری اس بیماری کے بچاؤ کے لیے مددگار ہے مگر 6 فٹ کا فاصلہ زیادہ مثالی ہے۔

تحقیق میں یہ بھی جانچا گیا کہ فیس ماسک کتنے موثر طریقے سے ہوا میں موجود وائرل ذرات کی مقدار کو بلاک کرسکتے ہیں۔

یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ منہ یا ناک سے خارج ہونے والے یہ ذرات ہی اس وائرس کی ایک سے دوسرے فرد میں منتقلی کا مرکزی ذریعہ ہیں۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ایک فٹ کے فاصلے پر موجود دونوں افراد نے ماسک نہ پہنے ہوے ہوں تو پھر وائرل ذرات سے کووڈ 19 کا خطرہ سوفیصد تک ہوتا ہے، جو 3 فٹ دوری سے 17 فیصد تک لایا جاسکتا ہے جبکہ 6 فٹ دوری پر یہ خطرہ 3 فٹ رہ جاتا ہے۔

تاہم جب دونوں افراد نے ماسک پہنا ہو تو ایک فٹ کی دوری سے بھی یہ خطرہ 0.5 فیصد سے بھی کم ہوتا ہے یعنی نہ ہونے کے برابر۔

تحقیق میں شامل میتھیو کال اسٹروم نے بتایا 'ہم نے کووڈ 19 کے خطرے کو کم کرنے کا موثر ترین ذریعہ دریافت کیا ہے اور وہ ہے فیس ماسک پہننا'۔

انہوں نے بتایا 'ہم نے دریافت کیا کہ تلف کیے جانے والے کاغذی میڈیکل ماسکس اور 2 تہہ والے کپڑے کے ماسک ذرات کی نظام تنفس تک رسائی کا خطرہ موثر طریقے سے کم کرتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے وائرل ذرات کے تحفظ کے حوالے سے فیس ماسکس کی اقسام میں کوئی فرق دریافت نہیں کیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ فیس ماسک اور سماجی دوری کے ساتھ وائرس سے بچنے کے لیے دیگر موثر طریقوں میں اکثر ہاتھ دھونا، کھانے سے قبل اور بعد یا ماسک اتارنے کے بعد ہاتھ دھونا یا ہینڈ سینیٹائزر کا استعمال قابل ذکر ہیں۔

مایو کلینک کے ایک اور ماہر ڈاکٹر ایلی بیربری نے بتایا 'میرے خیال میں ہمارے پاس اب ماسک کی اہمیت کے حوالے سے کچھ معلومات موجود ہے اور متعدد تحقیقی رپورٹس میں ثابت ہوا کہ ماسکس وائرسز کو بلاک کرنے مین موثر ہیں، مگر اس وبا کے حوالے سے زیادہ اہم یہ ہے کہ دونوں فریقین کا ماسک کس حد تک موثر ہے'۔

انہوں نے ہا 'ہم نے معروضی طریقے سے دریافت کیا کہ فیس ماسک آپ کے اپنے اور ارگرد کے لوگوں کے لیے انتہائی اہم ہے، اگر آپ ایک ماسک پہنتے ہیں تو دوسروں کو تحفظ فراہم کرتے ہیں، اگر وہ ماسک پہنتے ہیں تو وہ آپ کو تحفظ فراہم کررہے ہوتے ہیں'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں