سی ڈی اے کا 'نامکمل' میٹرو بس منصوبے کا انتظام سنبھالنے سے انکار

اپ ڈیٹ 17 جنوری 2021

ای میل

وزیراعظم ہاؤس میں جمعہ کو متوقع سافٹ لانچنگ کی تقریب بھی نہیں ہوئی—فائل فوٹو:
وزیراعظم ہاؤس میں جمعہ کو متوقع سافٹ لانچنگ کی تقریب بھی نہیں ہوئی—فائل فوٹو:

اسلام آباد: کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) سے درخواست کی ہے کہ پشاور موڑ سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ تک میٹرو بس ٹریک پر بقیہ کام مکمل کرنے کے بعد اسے شہری ادارے کے حوالے کیا جائے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سی ڈی اے نے 8 جنوری کو ایک خط میں این ایچ اے کو کہا کہ 'ادارے کی جانب سے منصوبے کی تکمیل کا جائزہ لینے کے لیے 7 جنوری کو سائٹ کا دورہ کیا گیا تاکہ این ایچ اے سے منصوبہ لینے کے لیے معائنہ کمیٹی تشکیل دینے کے لیے اتھارٹی سے بات چیت کی جاسکے'۔

خط میں مزید کہا گیا کہ 'اس سے پہلے این ایچ اے اس منصوبے کو لے کر اسے سی ڈی اے کے حوالے کرے کیوں کہ دیکھا جاسکتا ہے کہ وہاں ٹھیکیداروں کی جانب سے ابھی کافی کام کیا جانا باقی ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: افسوس! اب اسلام آباد تباہ شدہ شہر ہے، سپریم کورٹ

خط میں مزید کہا گیا کہ سی ڈی کو یہ منصوبہ دینے سے قبل این ایچ اے کو یہ تفصیلات فراہم کرنا یقینی بنانا ہوگا جس میں تعمیراتی ٹھیکیداروں سو سرٹفکیٹس، ٹینڈر ڈرائنگز (اصلی)، تعمیری ڈرائنگ، این ایچ اے کی معائنہ کمیٹی کی رپورٹ، مقدار کا حتمی بل، ڈیزائن میں کی گئی تبدیلیاں اور ان کی وجوہات، میٹرو بس آپریزن کے ساتھ ساتھ منصوبے کی خامیاں اور منصوبے میں استعمال ہونے والا سامان اور اثاثے شامل ہیں۔

ذرائع نے کہا کہ این ایچ اے نے سی ڈی اے کو منصوبے کا انتظام سنبھالنے کا خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان 15 جنوری کو وزیراعظم ہاؤس میں منصوبے کی سافٹ لانچنگ کرنا چاہتے ہیں تاہم سی ڈی اے حکام کے مطابق ادارے نے ایک نامکمل منصوبہ لینے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔

دوسری جانب وزیراعظم ہاؤس میں جمعہ کو متوقع سافٹ لانچنگ کی تقریب بھی نہیں ہوئی۔

وفاقی حکومت کی ہدایت پر سی ڈی اے میٹرو ٹریک پر بسیں چلائے گی، ادارے کو 30 بسوں کی خریداری، ٹریک پر ٹکٹنگ، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم قائم کرنے کے لیے ایک ارب 90 کروڑ روپے مالیت کا منظورہ شدہ پی سی ایک بھی مل چکا ہے۔

مزید پڑھیں: سی ڈی اے نے گرینڈ حیات پروجیکٹ کو ڈی سِیل کردیا

ذرائع کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے بسوں کی خریداری کے لیے حکومت سے فنڈز حاصل کرنے کی کوششیں کررہی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے نے حکومت سے تحریری طور پر فنڈز جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔

این ایچ اے نے پشاور موڑ سے اسلام آباد ایئرپورٹ تک 25.6 کلومیٹر طویل ٹریک تعمیر کرنے کا منصوبہ جنوری 2017 میں شروع کیا تھا جسے اگست 2018 میں مکمل ہونا تھا۔

این ایچ اے حکام کا کہنا تھا کہ منصوبہ تقریباً مکمل ہے اور فائنل ٹچز جیسا کہ بجلی کا کام جلد مکمل ہوجائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سست روی سے فنڈز کے اجرا کی وجہ سے منصوبے میں معمولی تاخیر ہوئی لیکن این ایچ اے کی موجودہ انتظامیہ نے اس پر تیزی سے کام کیا۔


یہ خبر 17 جنوری 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔