جبری شادی سے ہوشیار

شائع August 10, 2013

فائل فوٹو

لندن: برطانوی حکومت نے ہفتے کو گرمیوں کی چھٹیاں گزار رہے ٹیچرز، ڈاکٹرز اور ایئرپورٹ اسٹاف کو بڑھتے ہوئی جبری شادیوں کے اقعات کے حوالے سے متنبہ کیا ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق موسم گرما میں ہمیں بڑے پیمانے پر یہ اطلاعات موصول ہوتی ہیں کہ نوجوان بچوں خصوصاً لڑکیوں کو چھٹیوں منانے کیلیے بیرون ملک گھمانے کے بہانے لے جایا جاتا ہے اور ان بچوں کو نہیں معلوم ہوتا کہ بعد میں ان پر زبردستی شادی کرنے کیلیے دباؤ ڈالا جائے گا۔

برطانیہ کی جبری شادی کے یونٹ کو گزشتہ سال اس طرح کی تقریباً ڈیڑھ ہزار شکایات موصول ہوئیں جہاں ہر تیسرے بچے کی عمر 17 سال سے کم جبکہ ان میں سے آدھے سے زیادہ متاثرہ بچوں کو پاکستان لے جایا گیا۔

جرائم کی روک تھام (کرائم پری وینشن) کے وزیر جیریمی براؤن نے کہا کہ اسکول کی چھٹیوں میں جبری شادیوں کی رپورٹس میں اضافہ یقیناً بہت افسوسناک ہے، بچے امید کرتے ہیں کہ وہ اے لیول یا جی سی ایس ای میں بہتر رزلٹ کی بدولت ان کے روشن مستقبل کا آغاز ہو گا لیکن اس موقع پر ایک ایسے شخص جس کو وہ جانتے نہیں ہیں اور اس سے شادی کرنا نہیں چاہتے، اس سے شادی کر کے ان کی زندگی تباہ کر دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے بچے جو اس معاملے میں خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں ان کو میرا پیغام ہے کہ وہ آگے آئیں، آپ کو چپ رہ کر سزا بھگتنے کی ضرورت نہیں، آپ کیلیے مدد دستیاب ہے اور اس چیز کو روکا جائے گا۔

جبری شادی روکنے کیلیے بنایا گیا یہ یونٹ اس سال متوقع متاثرین میں اس حوالے سے معلومات پر مبنی پرچے تقسیم کریں گے جس میں ان سے کہا جائے گا کہ اگر سمجھتے ہیں کہ ان کی خواہش کیخلاف انہیں شادی کیلیے لے جایا جا رہا ہے تو وہ پولیس یا ایئر لائن کے عملے کو اس بات سے آگاہ کریں۔

اس یونٹ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال اس نے جن متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی انہیں 60 ملکوں میں لے جایا گیا جس میں سے 11 فیصد بنگلہ دیش، آٹھ فیصد ہندوستان اور 2.1 فیصد کو افغانستان لے جایا گیا۔

ان میں سے 18 فیصد واقعات میں متاثرہ شخص لڑکا تھا جبکہ بقیہ واقعات میں لڑکیاں متاثر ہوئیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال برطانوی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ اس حوالے سے انگلینڈ اینڈ ویلز میں ایک نئے قانون کا اعلان کرے گی جس کے تحت بچوں پر شادی کیلیے زور و زبردستی کرنے والے والدین کو جیل بھیج دیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 19 جون 2025
کارٹون : 18 جون 2025