وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے استعفیٰ دے دیا

عثمان ڈار نے این اے75 میں ضمنی انتخابات کی مہم کے لیے عہدے سے اسعفیٰ دے دیا—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
عثمان ڈار نے این اے75 میں ضمنی انتخابات کی مہم کے لیے عہدے سے اسعفیٰ دے دیا—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا جس کو منظور کر لیا گیا۔

عثمان ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ 'این اے-75 کے ضمنی انتخاب کےلیے جاری مہم اور الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے پیش نظر معاون خصوصی برائے وزیراعظم کا عہدہ چھوڑ دیا ہے'۔

مزید پڑھیں: عثمان ڈار وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین مقرر

انہوں نے کہا کہ 'میرے خیال میں اس وقت پارٹی کو میرے عہدے سے زیادہ انتخابی مہم میں میری ضرورت ہے، فیصلے سے قبل معاملے پر وزیراعظم کو بھی اعتماد میں لیا ہے'۔

خیال رہے کہ این اے-75 سیالکوٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی کے انتقال سے خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب 19 فروری کو ہو گا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ضمنی انتخابات کے شیڈول کے مطابق این اے 45 کرم ون اور این اے 75 سیالکوٹ فور، پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 51، گجرانوالہ ون اور کے پی اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 نوشہرہ تھری میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 19 فروری کو ہوگی۔

کیبینٹ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے محمد عثمان ڈار کو وزیراعظم کےمعاون خصوصی برائے امور نوجوانان کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کر دیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق عثمان ڈار کی استعفے کے فیصلے پر فوری عمل درآمد ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا خالی نشستوں پر اچانک ضمنی انتخابات کروانے کا فیصلہ

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اکتوبر 2018 میں عثمان ڈار کو امور نوجوانان کا معاون خصوصی مقرر کیا تھا۔

عثمان ڈار نے عہدہ ملنے کے بعد ایک ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عمران خان نے جو اعتماد ظاہر کیا ہے اس پر پورا اتروں گا‘۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے نوجوانوں کو صحیح معنوں میں با اختیار بنانے کا ٹاسک سونپا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں