اسٹیبلشمنٹ غیر جانب دار رہے گی، میں جیتوں گا، یوسف رضا گیلانی

اپ ڈیٹ 11 مارچ 2021
یوسف رضاگیلانی سینیٹ چیئرمین کے لیے اپوزیشن کے امیدوار ہیں—فوٹو: ڈان نیوز
یوسف رضاگیلانی سینیٹ چیئرمین کے لیے اپوزیشن کے امیدوار ہیں—فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے نومنتخب سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ غیر جانب دار رہے گی اور چیئرمین سینیٹ کا الیکشن میں جیتوں گا۔

سینیٹ چیئرمین کے لیے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یوسف رضاگیلانی نے پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر کہا کہ اسٹیبلشمنٹ اس وقت تک تو غیر جانب دار نظر آ رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کو غیر جانب دار رہنا چاہیے اور وہ رہیں گے۔

مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات سے آشکار ہو گیا کہ ہم کیسے اخلاقی سمت کھو رہے ہیں، عمران خان

سینیٹرز کو کالز آنے کے حوالے سے مریم نواز کی جانب سے دیے گئے بیان سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ابھی تک تو ایسا کچھ نہیں اس لیے کہا ہے وہ غیر جانب دار ہیں اور کل میں جیتوں گا۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک جاری بیان میں کہا تھا کہ 'ہمارے سینیٹرز کو کالز آرہی ہیں اور پی ڈی ایم کے امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا کہا گیا'۔

انہوں نے کہا کہ 'ان میں سے کچھ ثبوت کے لیے ریکارڈ کی گئی ہیں'۔

جس پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ماضی کے تجربے کو سامنے رکھ کر انتظامات کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ علی حیدر گیلانی کی وڈیو کے معاملے پر بات نہیں کر سکتا اور الیکشن کمیشن کا نوٹس تاحال موصول نہیں ہوا۔

سینیٹ میں ووٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی سمیت ہر رکن کے ساتھ رابطہ رہتا ہے۔

خیال رہے کہ نومنتخب سینیٹرز کل (12 مارچ) کو حلف اٹھائیں گے اور اسی دوران نئے چیئرمین کا انتخاب ہوگا، جس کے لیے موجودہ چیئرمین صادق سنجرانی اور اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ: یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کے خلاف دائر درخواست مسترد

یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی نشست پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن اتحاد کی اکثریت نہیں تھی جبکہ حکومتی امیدوار عبدالحفیظ شیخ اکثریت کے باوجود شکست کھا گئے تھے۔

سینیٹ چیئرمین کے امیدوار اورسابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سینیٹر رضا ربانی دستور گلی پہنچ گئے جہاں رضا ربانی نے انہیں دستورگلی سے متعلق بریفنگ دی۔

رضاربانی نے کہا کہ گلی دستور میں پوری ایک تاریخ ہے، یہ ضیا الحق کے مارشل لا کا ایک عکس ہے، اٹھارویں ترمیم اور مختلف تاریخی تصاویر اس کا حصہ ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں