سعودی عرب، امریکا کے ہمراہ پاک فضائیہ کی مشترکہ مشقیں ختم

اپ ڈیٹ 09 اپريل 2021
پاک فضائیہ کی مصحف بیس کے ایئر کموڈور علی نعیم ظہور پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی کو اعزازی شیلڈ پیش کررہے ہیں—فوٹو بشکریہ پی اے ایف
پاک فضائیہ کی مصحف بیس کے ایئر کموڈور علی نعیم ظہور پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی کو اعزازی شیلڈ پیش کررہے ہیں—فوٹو بشکریہ پی اے ایف

پاک فضائیہ کی دو ہفتوں پر محیط کثیر ملکی عسکری مشق 'ایسز میٹ 1-2021' اختتام پذیر ہو گئی جس میں پاکستان کے ساتھ ساتھ امریکی اور سعودی فضائیہ نے بھی شرکت کی۔

پاک فضائیہ کی مصحف بیس پر منعقدہ اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ایئر کموڈور علی نعیم ظہور نے مشقوں کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے اپنے تجربات میں سعودی عرب اور امریکا کی فضائیہ کو شریک کرنے پر انتہائی مسرور ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے زیر اہتمام کثیر الجہتی بحری مشقوں کا آغاز کل سے ہوگا

انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ عسکری مشق ایسز میٹ نے ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان مشقوں کے کامیاب اور بامعنی انعقاد سے ہم نے اپنے اس عزم کا بھرپور اعادہ کیا ہے کہ تمام مشکلات کے باوجود ہم دوست اور اتحادی ہونے کے ناطے ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کووڈ-19 کی وبائی صورتحال کے باوجود کامیاب عسکری مشقوں کے انعقاد پر پاک فضائیہ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی مشقیں شرکا کی پیشہ وارانہ مہارت اور رفاقت میں اضافے کا باعث ہوتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-چین مشترکہ فضائی مشقیں جنگی تیاریوں کے فروغ کیلئے اہم ہیں، آرمی چیف

امریکی فضائی اتاشی کرنل والن ڈیوڈ نے بھی مشقوں کی کامیاب تکمیل پر پاک فضائیہ کو مبارکباد دی۔

ایسز میٹ 1-2021 مشقوں میں پاک فضائیہ، امریکی فضائیہ اور سعودی فضائیہ نے بھرپور گرمجوشی سے حصہ لیا جبکہ مصر، اردن اور بحرین کی فضائیہ کو بطور مبصر ان مشقوں میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں