ہرارے ٹیسٹ تین دن میں ختم، پاکستان اننگز اور 116 رنز سے کامیاب

اپ ڈیٹ 01 مئ 2021
حسن علی کو میچ میں 9 وکٹیں لینے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
حسن علی کو میچ میں 9 وکٹیں لینے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا— فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
زمبابوے کی ٹیم 250 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد مشکلات سے دوچار ہے— فوٹو بشکریہ پی سی بی
زمبابوے کی ٹیم 250 رنز کے خسارے میں جانے کے بعد مشکلات سے دوچار ہے— فوٹو بشکریہ پی سی بی

پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹیسٹ میچ میں اننگز اور 116 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔

ہرارے میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے کھیل کا آغاز کیا تو اس نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنائے تھے اور اسے پہلی اننگز میں 198 رنز کی برتری حاصل تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ہرارے ٹیسٹ میں فواد عالم کی سنچری، پاکستان کو 198 رنز کی برتری حاصل

پاکستان کو 395 کے مجموعے پر یکے بعد دیگرے دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا اور حسن علی جبکہ نعمان علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی نویں وکٹ 412 کے مجموعی اسکور پر گری اور ساجد خان 7 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

قومی ٹیم کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فواد عالم تھے جنہوں نے 204 گیندوں پر 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

پاکستان کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 426 رنز بنائے اور میزبان ٹیم پر 250 رنز کی برتری حاصل کی۔

زمبابوے کے بلیسنگ موزاربانی نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، دونلڈ ٹریپانو نے 3، رچرڈ ناراوا نے 2 جبکہ ٹینڈائی چسارو نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

زمبابوے نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 48 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد حسن علی کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں کیون کسوزا آؤٹ قرار دیے گئے۔

اسکور میں 20 رنز کے اضافے سے ملٹن شمبا صرف 4 رنز بنانے کے بعد نعمان علی کی وکٹ بن گئے۔

کپتان برینڈن ٹیلر اور تریسل مساکانڈا نے اسکور کو 92 تک پہنچایا ہی تھا کہ وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں مساکانڈا کی 43 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی جبکہ پہلا میچ کھیلنے والے روئے کائیا کھاتا کھولے بغیر ہی چلتے بنے۔

ٹیلر اور ریگس چکابوا نے 22 رنز جوڑ ہی تھے کہ نعمان نے میزبان ٹیم کے کپتان کی 29 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس مرحلے پر حسن علی نے شاندار اسپیل کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے 4 وکٹیں حاصل کر کے زمبابوے کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

پرنس مسوورے بیٹنگ کے لیے نہ آسکے اور اس طرح زمبابوے کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 134 رنز پر ڈھیر ہو کر اننگز اور 116 رنز کی شکست سے دوچار ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں لیتے ہوئے میچ میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں۔

حسن علی کو عمدہ باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 176 رنز پر آؤٹ کر دیا تھا۔

حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 4، 4 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ نعمان علی ایک وکٹ حاصل کر پائے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں