صدر مملکت، وزیر اعظم و دیگر کا عید الفطر پر قوم کے نام پیغام

صدر مملکت نے کہا کہ اس عید پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو ہر گز نظر انداز نہ کیا جائے—فائل فوٹو: پی آئی ڈی
صدر مملکت نے کہا کہ اس عید پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو ہر گز نظر انداز نہ کیا جائے—فائل فوٹو: پی آئی ڈی
وزیراعظم نے کہا کہ یہ عید مختلف ہے چونکہ دنیا وبائی امراض کا مقابلہ کررہی ہے—فائل فوٹو: وزیراعظم انسٹاگرام
وزیراعظم نے کہا کہ یہ عید مختلف ہے چونکہ دنیا وبائی امراض کا مقابلہ کررہی ہے—فائل فوٹو: وزیراعظم انسٹاگرام

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عید الفطر پر قوم کے نام اپنے پیغام میں اہل وطن اور ملت اسلامیہ کو عید کی دلی مبارک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے موقع پر ضرورت مندوں اورمحتاجوں کو اپنی خوشیوں میں شریک کریں اور کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو اپنائیں۔

صدر اور گورنر سندھ عمران اسمعیل نے گورنر ہاؤس کی مسجد میں نماز عید ادا کی۔

انہوں نے کہا کہ اس عید پر کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کو ہر گز نظر انداز نہ کیا جائے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مصافہ اور معانقہ سے گریز کرتے ہوئے سماجی فاصلے کا خیال رکھیں۔

صدر مملکت نے اس امر پر زور دیا کہ کورونا کے سبب معاشی تنگ دستی کے شکار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ دعائیں کی جائیں کہ وہ ہمیں اس وبا کی ہولناکیوں سے محفوظ فرمائے۔

عوام ذمہ داری کے ساتھ عید الفطر منائیں، وزیر اعظم عمران خان

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی قوم کے نام اپنے پیغام میں اہل وطن کو عید الفطر کی دلی مبارک پیش کی۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے باور کرایا کہ 'یہ عید مختلف ہے چونکہ دنیا وبائی امراض کا مقابلہ کررہی ہے'۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ عوام ذمہ داری کے ساتھ عید الفطر منائیں اور اس دوران کورونا سے متعلق ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔

وقت آگیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیے کو ختم کیا جائے، آرمی چیف

آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر فوجی جوانوں کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیے کو ختم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکو کشمیریوں کی رائے اور اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کیا جائے۔

آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے ملک کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ پاک فوج قوم کی تواقعات پر پورا اترنے کے لیے ہر اقدام کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی سیکیورٹی، تحفظ اور فلاح ہماری ذمہ داری ہے۔

علاوہ ازیں آرمی چیف نے کورونا وبا کی روک تھام کے لیے فارمیشن کے سول انتظامہ سے تعاون کو سراہا۔

اسرائیلی دہشت گردی کی وجہ سے آج ہر مسلمان غمزدہ ہے، چوہدری سرور

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی دہشت گردی کی وجہ سے آج ہر مسلمان غمزدہ ہے۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے بغیر ہماری عید کی خوشیاں نامکمل ہیں۔

چوہدری سرور نے کہا کہ عوام عید سادگی سے منائیں اور کورونا ایس او پیز پر مکمل عمل کریں۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بھی عید کی مبارکباد دیتے نیک خواہشات کا اظہار کیا کہ یہ دن آپ کو اور آپ کے اہلخانہ کے لیے بڑی خوشی کا باعث بنے۔

عید مناتے ہوئے نہ بھولیں کہ کورونا کے خلاف جنگ جاری ہے، یاسمین راشد

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے بھی عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کورونا کے خلاف حفاظتی اقدامات اپنانے پر زور دیا۔

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ عید مناتے ہوئے یہ ایک لمحے بھی نہ بھولیں کہ کورونا کے خلاف جنگ جاری ہے۔

یاسمین راشد نے کہا کہ حفاظتی اقدامات کرنا ہر گز نہ بھولیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں عید الفطر پر سادگی سے خوشیاں منا کر ذمہ دار پاکستانی ہونے کا ثبوت دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کورونا کی شدید لہر سے گزر رہا ہے جبکہ صرف پنجاب میں 8 ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

عیدمبارک، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عید الفطر پر انتہائی مختصر پیغام دیا۔

عید پر اپنوں کا خاص خیال رکھیں اور گھر میں رہیں، پیپلز پارٹی

علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر عالم اسلام کو عید الفطر کی مبارک دیتے ہوئے زور دیا گیا کہ عید پر اپنوں کا خاص خیال رکھیں۔

پیپلز پارٹی کی جانب سے کورونا وائرس کے تناظر میں کہا گیا کہ اس عید پر اپنوں کا خاص خیال رکھیں اور گھر میں رہیں اور محفوظ رہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی عید کے دن ڈیوٹی دینے والے طبی عملے کو خراج تحسین

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کورونا وائرس کی وبا کے ساتھ دوسری عید منا رہے ہیں اور دعا ہے کہ کورونا کے مریضوں جلد صحتیاب ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو خراج تحسین پیش کیا جو عید کے دن بھی ڈیوٹی ادا کر رہے ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یاد کرنا چاہیے جو کرفیو کی حالت میں عید منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمیں فلسطینیوں کو یاد کرنا چاہے جو اسرائیل کے مظالم کی وجہ سے بےگھر ہوکر عید منا رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں