کراچی، لاہور سمیت مختلف شہروں کے اسکول 6 جون تک بند رکھنے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 22 مئ 2021
این سی او سی کا کورونا سے متعلق 3 جون کو جائزہ اجلاس ہوگا— فائل فوٹو: ڈان نیوز
این سی او سی کا کورونا سے متعلق 3 جون کو جائزہ اجلاس ہوگا— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزارت تعلیم نے تیسری لہر کے تناظر میں کورونا کیسز میں 5 فیصد سے زیادہ اضافہ ہونے پر کراچی، اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور، سوات سمیت مختلف شہروں میں سرکاری اور نجی اسکول 6 جون تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان وفاقی وزارت تعلیم کے مطابق ملک کے ان اضلاع میں اسکولز 6 جون تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جہاں کورونا کے کیسز کی شرح 5 فیصد سے زیادہ ہے۔

مزید پڑھٰیں: کووڈ-19: پاکستان میں وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 20 ہزار سے متجاوز

انہوں نے بتایا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے 19 مئی کے فیصلوں کے مطابق جن اضلاع میں بیماری کی شرح 5 فیصد سے کم ہے وہاں تمام سرکاری اور نجی اسکول 24 مئی سے مرحلہ وار کھول دیے جائیں گے۔

اس ضمن میں انہوں نے وضاحت کی کہ جن اضلاع میں کورونا وائرس کی شرح 5 فیصد سے زیادہ ہوگی وہاں اسکولز کی بندش 6 جون تک ہوگی۔

ترجمان وزارت تعلیم نے بتایا کہ این سی او سی کا کورونا سے متعلق 3 جون کو جائزہ اجلاس ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ جائزہ اجلاس میں باقی اضلاع کے اسکول کو 7 جون سے کھولنے کا فیصلہ ہوگا۔

ترجمان وزارت تعلیم نے بتایا کہ 52 اضلاع میں کورونا کیسز کی شرح زیادہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: بیرون ملک سے آئے 40 مسافر مثبت ٹیسٹ پر قرنطینہ مرکز منتقل

انہوں نے بتایا کہ ان میں آزاد جموں کشمیر کے 4 اضلاع مظفر آباد، پونچھ، باغ اور سدھنوتی بھی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ صوبہ بلوچستان میں کوئٹہ میں 6 جون تک اسکولز بند رہیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 20 اضلاع بشمول اٹک، بہاولپور، بھکر، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، خانیوال ، خوشاب، لاہور، لیہ، لودھراں، میانوالی، ملتان، مظفر گڑھ، اوکاڑہ، رحیم یار خان، راولپنڈی، سرگودھا اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اسکول 6 جون تک بند رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں 14 اضلاع میں 6 جون تک اسکولز بند رہیں گے جن میں ایبٹ آباد، بنوں، بونیر، چارسدہ، دیر لوئر، دیر اپر، ہری پور، کوہاٹ، کرم، مردان، نوشہرہ، پشاور، صوابی اور سوات شامل ہیں۔

وزارت تعلیم کے مطابق صوبہ سندھ کے 12 اضلاع بدین، دادو، حیدر آباد، جامشورو، سکھر، شہید بینظیر آباد اور کراچی کے تمام اضلاع میں اسکول 6 جون تک بند رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایسٹرازینیکا ویکسین کی 2 خوراکیں بیماری سے بچاؤ کیلئے 90 فیصد تک مؤثر

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی اسکول 6 جون تک بند رہیں گے۔

اس ضمن میں تمام وفاقی اکائیوں کو 21 مئی سے نوٹی فکیشن جاری کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر برقرار ہے جس کے نتیجے کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 9 لاکھ کے قریب ہوگئی ہے۔

وزارت تعلیم کی جانب سے ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر کیمبرج سسٹم سمیت تمام امتحانات 15 جون تک ملتوی کرنے کا اعلان سامنے آچکا ہے۔

وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا تھا کہ 27 اپریل سے سے لے کر 15 جون تک کوئی امتحان نہیں ہو گا اور نویں سے 12ویں جماعت کے جن امتحانات کو مئی کے آخر میں شروع ہونا تھا، انہیں مزید ملتوی کردیا گیا ہے اور 15 جون تک کوئی امتحان نہیں ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں