کراچی: ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران گارڈ کی فائرنگ سے 9 افراد زخمی

زخمی ہونے والے افراد کی عمریں 22 سے 40 کے درمیان ہیں-فائل/فوٹو: اے ایف پی
زخمی ہونے والے افراد کی عمریں 22 سے 40 کے درمیان ہیں-فائل/فوٹو: اے ایف پی

کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں ایک گھر میں ٹیلی ویژن کے ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران گارڈ کی فائرنگ سے 9 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی گارڈ اسی بنگلے میں تعینات تھے جہاں شوٹنگ ہو رہی تھی، جن کی شناخت گل بھائی کے نام سے ہوئی اور انہوں نے ڈرامے کے پروڈیوسر کے ساتھ جملوں کے تبادلے کے بعد فائرنگ کی۔

مزید پڑھیں: کراچی میں فائرنگ، 2 سیکیورٹی گارڈز جاں بحق

کراچی پولیس میڈیا سیل کے بیان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 9 افراد کو معمولی زخم آئے ہیں اور مذکورہ بنگلہ ڈی ایچ اے فیز 6 کے خیابان شجاعت میں واقع ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ 'فائرنگ کرنے والے سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لیا گیا ہے' اور تمام زخمی افراد کو طبی امداد کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کردیا گیا۔

کلفٹن تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) پیر صابر حیدر کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق واقعہ پروڈیوسر کی جانب سے سیکیورٹی گارڈ کے ساتھ کھانے کے معاملے پر تلخ جملوں کے تبادلے کے بعد پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مزید کوئی تفصیلات تاحال نہیں مل سکی ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی میں فائرنگ سے خاتون ٹک ٹاکر سمیت 4 افراد جاں بحق

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے 9 افراد کی عمریں 22 سال سے 40 سال کے درمیان ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں