ہمارے ہاں شادی کو حد سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے، کرتی کلہاری

شادی دو افراد کی نجی خوشی کا معاملہ ہونا چاہیے، اداکارہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شادی دو افراد کی نجی خوشی کا معاملہ ہونا چاہیے، اداکارہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام

چند ماہ قبل شوہر سے علیحدگی اختیار کرنے والی بولی وڈ اداکارہ 35 سالہ کرتی کلہاری نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں نہ صرف شادی کو حد سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے بلکہ اسے خاندان سے بھی جوڑ دیا جاتا ہے۔

شوبز ویب سائٹ ’پنک ولا‘ کے مطابق کرتی کلہاری نے ایف ایم ریڈیو کے پروگرام میں ازدواجی زندگی سمیت کیریئر پر بات کرتے ہوئے بھارتی معاشرے میں شادی اور محبت کی اہمیت پر بھی بات کی۔

کرتی کلہاری کے مطابق ان کا خیال ہے کہ شادی کو ہمارے ہاں حد سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے اور انہیں اس بات کا احساس اس وقت ہی ہوگیا تھا جب وہ شوہر کے ساتھ زندگی گزار رہی تھیں۔

اداکارہ کے مطابق بھارتی معاشرے میں شادی کو خاندان کی عزت اور خوشیوں سے بھی جوڑا جاتا ہے جب کہ درحقیقت یہ دو افراد کی زندگی اور خوشی سے منسلک ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ محبت کو حد سے زیادہ اہمیت دینے کے خلاف نہیں ہیں بلکہ وہ صرف شادی کی بات کر رہی ہیں۔

کرتی کلہاری کا کہنا تھا کہ شادی سے زیادہ محبت اہم ہے اور یہ لازمی نہیں ہے کہ جس شخص سے محبت ہو، اسی سے شادی بھی کی جائے، شادی کیے بغیر بھی دو محبت کرنے والے افراد تعلقات میں رہ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ کرتی کلہاری نے شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی

پروگرام میں بات کرتے ہوئے کرتی کلہاری نے کہا کہ وہ بھارتی معاشرے میں شادی کی اہمیت سے واقف ہیں اور وہ یہاں کے معاشرے کی رسم و رواج سے بھی آگاہ ہیں مگر ان کا خیال ہے کہ شادی کو خاندان سے جوڑنے کے بجائے دو افراد کی نجی زندگی اور ان کی خوشی سے جوڑا جائے۔

اداکارہ نے رواں برس اپریل میں شوہر سے علیحدگی کی تصدیق کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے رواں برس اپریل میں شوہر سے علیحدگی کی تصدیق کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اگرچہ اداکارہ نے شادی کو بھارتی معاشرے میں حد سے زیادہ اہمیت دیے جانے اور اسے خاندانی عزت کے ساتھ ملانے کا شکوہ کیا لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی شادی بھی کہیں شوہر کے خاندان کی مداخلت کی وجہ سے تو ختم نہیں ہوئی؟

کرتی کلہاری نے رواں برس اپریل میں سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے تصدیق کی تھی کہ انہوں نے شوہر ساحل سہگل سے علیحدگی اختیار کرلی۔

کرتی کلہاری نے 2016 میں دیرینہ دوست ساحل سہگل سے شادی کی تھی، شادی سے قبل دونوں کے درمیان کافی عرصے سے تعلقات رہے تھے۔

کرتی کلہاری نے 2002 میں اداکاری کا آغاز کیا لیکن انہوں نے بہت ہی کم فلموں میں کام کیا۔

کرتی کلہاری نے ہندی کے علاوہ بھارت کی دیگر زبانوں میں بننے والی فلموں میں بھی کام کیا، ان کی معروف ہندی فلموں میں ’کیوٹ کمینہ، اندو سرکار، بلیک میل، اڑی، جل، پنک، دی گرل آن دی ٹرین اور مشن منگل‘ شامل ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں