کوئٹہ: ریموٹ کنٹرول دھماکے میں 4 افراد زخمی

اپ ڈیٹ 26 جولائ 2021
سی ٹی ڈی ترجمان نے کہا کہ دھماکے میں تقریباً ایک کلوگرام بارودی مواد استعمال ہوا — فوٹو: غالب نہاد
سی ٹی ڈی ترجمان نے کہا کہ دھماکے میں تقریباً ایک کلوگرام بارودی مواد استعمال ہوا — فوٹو: غالب نہاد

کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی میں ہونے والے ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے جبکہ فرنٹیئر کور (ایف سی) کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔

بلوچستان کے محکمہ انسداد دہشت گردی کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ صبح 7 بجکر 40 منٹ پر سبزی مارکیٹ کے مرکزی گیٹ کے باہر ریموٹ کنٹرول دھماکا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں 4 راہگیر زخمی ہوئے جبکہ ایف سی کی گاڑی کو معمولی نقصان پہنچا۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں تقریباً ایک کلوگرام بارودی مواد استعمال ہوا جبکہ سی ٹی ڈی کی ٹیمیں جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: سرینا ہوٹل کی پارکنگ میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق

دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔

زخمیوں کو ریسکیو ورکرز نے بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا اور ہسپتال انتظامیہ کے مطابق 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

واقعے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'واقعے کے ذمہ داروں کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا'۔

مزید پڑھیں: کوئٹہ کے قمبرانی روڈ پر دھماکا، 5 افراد زخمی

واضح رہے کہ صوبہ بلوچستان کئی برسوں سے بدامنی کا شکار ہے اور یہاں اکثر سیکیورٹی فورسز پر حملے، دھماکے سمیت تخریب کاری کے مختلف واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔

یکم جولائی کو کوئٹہ کے ایئرپورٹ روڈ پر موٹرسائیکل دھماکے میں 6 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

دھماکے میں آرمی کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) بلوچستان محمد طاہر رائے نے کہا تھا کہ ریموٹ کنٹرول بم موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں