وزیر اعظم دفتر کے ایڈیشنل سیکریٹری جواد پال رجسٹرار سپریم کورٹ تعینات

اپ ڈیٹ 28 جولائ 2021
جواد پال اعظم خان کے بعد وزیر اعظم کے ایڈیشنل سیکریٹری ون تعینات ہوئے— فائل فوٹو: اے ایف پی
جواد پال اعظم خان کے بعد وزیر اعظم کے ایڈیشنل سیکریٹری ون تعینات ہوئے— فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیر اعظم عمران خان نے جواد پال کو سپریم کورٹ کا رجسٹرار تعینات کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جواد پال اس وقت وزیر اعظم کے دفتر میں بطور ایڈیشنل سیکریٹری تعینات ہیں اور وہاں سول بیوروکریسی اور دیگر امور دیکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس عیسیٰ کا رجسٹرار کو خط، ’چیف جسٹس کا فیصلہ مجھ سے پہلے میڈیا کو جاری کرنا چونکا دینے والی بات ہے’

وہ گریڈ 21 کے افسر ہیں لیکن انہیں سول سرونٹ ایکٹ 1973 کے سیکشن 10 کے تحت گریڈ 22 کے عہدے پر سپریم کورٹ کا رجسٹرار تعینات کیا گیا ہے۔

قانون کے مطابق مجاز اتھارٹی ایک افسر کو ان کے اگلے گریڈ پر تعینات کر سکتی ہے۔

سپریم کورٹ موجودہ رجسٹرار ریٹائرڈ فلائٹ لیفٹیننٹ خواجہ داؤد احمد کی 31 جولائی کو ریٹائرمنٹ کے پیش نظر جواد پال کی خدمات حاصل کرنے کے لیے لکھ چکا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس کے گریڈ 21 کے افسر جواد پال اس وقت وزیر اعظم آفس میں ایڈیشنل سیکریٹری کے طور پر تعینات ہیں، ان کا تبادلہ کردیا گیا ہے اور سول سرونٹ ایکٹ 1973 کے سیکشن 10 کے تحت انہیں 3 سال کے لیے تعینات کردیا گیا ہے، جس کا اطلاق یکم اگست 2021 کو ہوگا۔

وزیر اعظم دفتر کے سینئر افسران کی فہرست کے مطابق جواد پال، وزیراعظم کے سیکریٹری اعظم خان کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں اور ایڈیشنل سیکریٹری ون تعینات کیا گیا تھا۔

اس سے قبل انہوں نے بطور چیف کمشنر اسلام آباد خدمات سر انجام دیں اور بعد ازاں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں تعینات ہوئے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ: رجسٹرار کی جانب سے آصف زرداری کی درخواستیں واپس کرنے کا اقدام چیلنج

سبکدوش ہونے والے سپریم کورٹ کے رجسٹرار پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس کے افسر ہیں اور وہ بطور ایڈیشنل رجسٹرار سپریم کورٹ اپنی خدمات انجام دے رہے تھے، انہیں گریڈ 22 پر ترقی دے کر 18 دسمبر 2019 کو رجسٹرار سپریم کورٹ تعینات کیا گیاتھا۔

دوسری جانب اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ندیم محبوب کو وزیر اعظم کے دفتر میں بطور ایڈیشنل سیکریٹری تعینات کر دیا ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت پنجاب میں تعینات پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس کے گریڈ 21 کے افسر ندیم محبوب کا تبادلہ کردیا گیا ہے اور وزیر اعظم کے دفتر میں ایڈیشنل سیکریٹری تعینات کردیا گیا ہے جس کا نفاذ یکم اگست 2021 سے تاحکم ثانی ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں