کراچی: محمد علی سوسائٹی کے مکان میں آتشزدگی، پروفیسر سمیت 5 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 12 اگست 2021
فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا — فوٹو: امتیاز علی
فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا — فوٹو: امتیاز علی

کراچی کے علاقے محمد علی سوسائٹی میں مکان میں آتشزدگی سے پروفیسر سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق آگ لگنے کا واقعہ بہادر آباد کے قریب میر احمد شاہ روڈ پر واقع ایک مکان میں پیش آیا، آگ لگنے کے باعث دم گھٹنے سے 5 افراد ہلاک ہوئے۔

جاں بحق افراد کی شناخت 82 سالہ سلطان مرزا، 70 سالہ ڈاکٹر فرحت مرزا، 78 سالہ صبیحہ مرزا، 72 سالہ شائستہ مرزا اور 45 سالہ اکبر کے نام سے ہوئی۔

ایدھی کے مطابق گھر میں آگ لگنے کے باعث وہاں موجود افراد دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے جنہیں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔

مزید پڑھیں: کراچی: ہجرت کالونی میں عمارت میں آتشزدگی، بچی سمیت 4 افراد جاں بحق

فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا جبکہ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

ایڈیشنل پولیس سرجن اور پروفیسر فرحت کے عزیز ڈاکٹر قرار کے مطابق گھر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پروفیسر فرحت مرزا کے گھر میں آگ لگنے سے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بھی آتشزدگی کے واقعے میں پروفیسر فرحت بیگ مرزا کی وفات پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔

پروفیسر فرحت مرزا سندھ میڈیکل کالج کے شعبہ فرانزک میڈیسن کے سابق چیئرمین تھے جبکہ جاں بحق افراد میں ان کے خاندان کے دیگر 3 افراد اور عملے کا ایک رکن شامل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں