پاکستان نے دہشت گردی سے متعلق بھارتی وزیر دفاع کا الزام مسترد کردیا

دفترخارجہ نے کہا بھارت نے داسو میں پاکستانی اور چینی ورکرز پر دہشت گردی کے حملے میں ملوث رہا ہے—فائل/فوٹو:ریڈیو پاکستان
دفترخارجہ نے کہا بھارت نے داسو میں پاکستانی اور چینی ورکرز پر دہشت گردی کے حملے میں ملوث رہا ہے—فائل/فوٹو:ریڈیو پاکستان

پاکستان نے بھارت کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی جانب سے دہشت گردی سے متعلق دہرائے گئے الزامات مسترد کردیے۔

دفترخارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ‘ہم بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی سے متعلق عائد کے لیے الزامات کو مکمل طور پر بےبنیاد قرار دیتے ہوئے یکسر مسترد کرتے ہیں’۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے دہشت گردوں کو ایل او سی بھیجنے سے متعلق بھارتی الزامات مسترد کردیے

بیان میں کہا گیا کہ ‘پاکستان نے بھارت کی ریاستی اسپانسر شپ میں پاکستان کے خلاف دہشت گردی اور تخریب کاری کے ناقابل تردید ثبوت عالمی برادری کو پیش کیے ہیں’۔

دفترخارجہ نے کہا کہ ‘بھارت دہشت گردی کو بطور ریاستی آلے کے طور پر استعمال کرتا ہے، صرف رواں سال جوہر ٹاؤن لاہور، چین کے عہدیداروں اور داسو میں پاکستانی ورکرز پر دہشت گردی کے حملوں میں بھارت ملوث رہا ہے’۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی- آر ایس ایس کا اشتراک واضح طور پر مسلمان مخالف اور اقلیتوں کے مخالف ایجنڈے پر عمل پیرا ہے’۔

بھارتی حکمران اتحاد کا حوالہ دیتے ہوئے بیان میں کہا کہ ‘وہ پاکستان کو جھوٹے پروپیگنڈے کی مہم کے ساتھ نظریاتی اور سیاسی افادیت دونوں وجوہا کے باعث نشانہ بناتے ہیں’۔

ترجمان دفترخارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘بھارت کی نام نہاد سرجیکل اسٹرائیکس اور بدنیتی سے کیا گیا فروری 2019 میں بالاکوٹ کے مس ایڈونچر ایکسپوز ہوگیا تھا جو بے بنیاد، جھوٹ اور فریب کی بنیاد پر تھا’۔

انہوں نے کہا کہ ‘پاکستان نے خطے میں بھارت کے خلاف بھرپور اور نپے تلے انداز میں جواب دے کر اسٹریٹجک توازن بحال کردیا ہے’۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے اوپر ڈرون کی پرواز کا دعویٰ مسترد

بیان میں کہا گیا کہ ‘فروری 2021 میں پاکستان کے ایک ذمہ دار ریاست کے طور کام کرنے کے اعتراف کرتےہوئے 2003 کے جنگ بندی معاہدے کا اعادہ کیا گیا، جس کا مقصد خطے میں بھارت کے غیرذمہ دارانہ رویے کے برعکس امن کو برقرار رکھنا تھا’۔

دفترخارجہ نے کہا کہ ‘ہماری امن کی خواہش مشروط نہیں ہے، پاکستان کسی قسم کی بھارتی جارحیت کے منصوبے کے خلاف اپنا بھرپور دفاع کرے گا’۔

تبصرے (0) بند ہیں