’فارمولا ون‘ سے متعلق ندا یاسر کا مذاق اڑائے جانے پر کار بنانے والے نوجوان کا رد عمل

اپ ڈیٹ 09 ستمبر 2021
نوجوانوں نے لوگوں سے ندا یاسر پر تنقید کو بند کرنے کی اپیل بھی کی—اسکرین شاٹ
نوجوانوں نے لوگوں سے ندا یاسر پر تنقید کو بند کرنے کی اپیل بھی کی—اسکرین شاٹ

ٹی وی میزبان ندا یاسر کی ’فارمولا ون کار‘ سے متعلق لاعلمی کی پرانی ویڈیو پر ان کا مذاق اڑائے جانے پر کار بنانے والے نوجوانوں کی ٹیم کے اہم رکن نے وضاحتی بیان جاری کردیا۔

چند روز قبل ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں ندا یاسر ’فارمولا ریسنگ کار‘ اور انگریزی کے لفظ ’فارمولا‘ میں فرق کو سمجھ نہیں پا رہی تھیں۔

میزبان کی پرانی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹوئٹر پر ’ندا یاسر‘ کے نام کا ٹرینڈ ٹاپ فہرست میں بھی شامل ہوا تھا اور لوگوں نے ان پر خوب تنقید کی تھی۔

لوگوں کی تنقید اور ندا یاسر کا مذاق اڑائے جانے پر اب ان کے پروگرام میں شامل ہونے والے نوجوانوں میں سے ایک محمد شارق وقار نے میزبان کے حق میں ویڈیو جاری کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’فارمولا کار‘ پر ندا یاسر کی لاعلمی، پرانی ویڈیو وائرل

محمد شارق وقار نے ویڈیو جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 5 سال قبل ندا یاسر کے ساتھ شو میں جو نوجوان بات کر رہےہیں، ان میں وہ بھی شامل ہیں۔

انہوں نے مختصر دوانیے کی ویڈیو میں بتایا کہ یقینا ندا یاسر کو شو کرنے سے پہلے مطالعہ کرنا چاہیے تھا کہ وہ کن کو بلا رہی ہیں اور کس موضوع پر بات کر رہی ہیں، تاہم اب ان کی ’لاعلمی‘ پر ان کی ذات کو تنقید کا نشانہ درست عمل نہیں۔

محمد شارق وقار کے مطابق انہوں نے ندا یاسر کی غلطی پر انہیں تنقید بنائے جانے سے متعلق کچھ بھارتی چینلز کی رپورٹس دیکھیں، جن میں مذکورہ معاملے کو انتہائی منفی انداز میں پیش کیا گیا تھا۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ اور ان کی ٹیم مذکورہ مذاق پر سپورٹ نہیں کرتی اور وہ لوگوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ندا یاسر کی ذات یا خاندان کو تنقید کا نشانہ نہ بنایا جائے۔

مزید پڑھیں: میں نے ہزاروں اچھے شو کیے، ان میں کی گئی بات وائرل نہیں ہوتی، ندا یاسر

محمد شارق وقار کے مطابق ندا یاسر سے ’کیمیکل ارر‘ ہوا یعنی وہ سائنسی مسئلے پر کی جانے والی گفتگو کی حقیقت اور اندازوں کو درست انداز میں سمجھ نہیں پائیں اور ان کی مذکورہ غلطی کی وجہ سے ان کے خاندان یا ان کی ذات کو تنقید کا نشانہ بنانا درست نہیں۔

ویڈیو میں انہوں نےمیمز بنانے والے افراد کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایک بار پھر پاکستان کی پہلی فارمولا ون ریس کار بنانے والی ٹیم کو وائرل کیا۔

انہوں نے ویڈیو میں لوگوں کو تجویز دی کہ وہ ان کے تجربے سے متعلق بنائے گئے فیس بک، ٹوئٹر اور یوٹیوب اکاؤنٹ کو فالو کرکے درست معلومات حاصل کریں، ساتھ ہی انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ اب ندا یاسر پر تنقید کا سلسلہ بند کیا جائے، کیوں کہ اس سے ملک و قوم کی بھی بدنامی ہو رہی ہے۔

محمد شارق وقار کے مطابق ان کا لنکڈن پر بھی پروفائل موجود ہے مگر انہوں نے اپنے ذاتی اکاؤنٹ یا اپنے پروجیکٹ کےآفیشل پیجز پر مذکورہ وضاحتی ویڈیو جاری نہیں کی۔

ندا یاسر نے بھی خود پر ہونے والی تنقید پر افسوس کا اظہار کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک/ اسکرین شاٹ
ندا یاسر نے بھی خود پر ہونے والی تنقید پر افسوس کا اظہار کیا تھا—فائل فوٹو: فیس بک/ اسکرین شاٹ

خیال رہے کہ چند دن قبل ندا یاسر کی 2016 کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جسے دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ میزبان ’فارمولا کار‘ کو انگریزی کا لفظ ’فارمولا‘ سمجھ بیٹھتی ہیں اور طلبہ سے پوچھتی ہیں کہ ابھی انہوں نے صرف ’فارمولا‘ تیار کیا ہے یا اس پر کوئی تجربہ بھی کیا ہے؟

یہ بھی پڑھیں: ’فارمولا کار‘ پر ندا یاسر کی لاعلمی، یاسر نواز نے اہلیہ کا مذاق بنادیا

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میزبان کے سوال پر طلبہ انہیں سمجھاتے ہیں کہ دراصل ’فارمولا کار' ایک ہی نام ہے اور وہ اسے بنا چکے ہیں، جس پر صرف ایک ہی شخص بیٹھ سکتا ہے۔

مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ندا یاسر نے اپنی لاعلمی کا اعتراف بھی کیا تھا اور ساتھ ہی شکوہ کیا تھا کہ انہوں نے ہزاروں اچھے شوز بھی کیے مگر وہ کبھی وائرل نہیں ہوئے۔

ندا یاسر کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان کے شوہر اداکار یاسر نواز نے بھی اس پر پیروڈی بنائی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

faisal Sep 10, 2021 09:42am
agar sharmindagi se bachna ha to baray meharbani aisay logon ko host hi na banain