پاکستان سیمی فائنل میں کسی بھی حریف کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے، حفیظ

06 نومبر 2021
محمد حیفظ نے کہا کہ سیمی فائنل میں جس سے بھی مقابلہ ہو گا ہم اس کے لیے تیار ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
محمد حیفظ نے کہا کہ سیمی فائنل میں جس سے بھی مقابلہ ہو گا ہم اس کے لیے تیار ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کے تجربہ کار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی ٹیم اعتماد سے سرشار ہے اور سیمی فائنل میں کس ٹیم سے سامنا ہوتا ہے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے اور پہلے میچ میں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دینے کے بعد سے قومی ٹیم نے بہترین فارم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: انگلینڈ اور آسٹریلیا نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا

پہلے میچ میں فتح کے بعد 2009 کا ورلڈ ٹی20 کپ جیتنے والی ٹیم نے نیوزی لینڈ کی مضبوط ٹیم کے ساتھ ساتھ افغانستان اور نمیبیا کو بھی شکست دی۔

اب سیمی فائنل میں پاکستان کو ممکنہ طور پر جنوبی افریقہ یا آسٹریلیا کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے تاہم محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ پاکستان سیمی فائنل میں کسی بھی حریف کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔

اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ سے ایک دن قبل انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں ہم اس بارے میں نہیں سوچتے کہ ہمیں کس حریف کا سامنا کرنا ہے، جس سے بھی مقابلہ ہو گا ہم اس کے لیے تیار ہیں کیونکہ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور ہم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیمی فائنل سے قبل ہمارا مقابلہ اسکاٹ لینڈ سے ہے اور ہمیں اسی شدت اور اعتماد کے ساتھ ان کا سامنا کرنا ہے جیسے ہم نے سابقہ میچوں میں کیا ہے، ہمارا مقصد قوم کے لیے ورلڈ کپ جیتنا ہے اور ہم اس ہدف کو حاصل کرنے کے قریب ہیں۔

ریکارڈ کی بات کی جائے تو پاکستان اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان اب تین میچ کھیلے گئے ہیں اور تینوں میچوں میں پاکستان کی ٹیم کامیاب رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ کی قسمت کا فیصلہ اب اس کے اپنے ہاتھ میں

نمیبیا کے جارحانہ اننگز کھیلنے والے حفیظ نے اپنی کارکردگی پر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ویسٹ انڈیز میں بارش کے سبب صرف ایک میچ کھیل سکے اور پھر نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کا دورہ پاکستان منسوخ ہوگیا جس کی وجہ سے ہمیں صحیح طریقےسے تیاریوں کا موقع نہیں ملا لیکن اس کے باوجود پوری ٹیم اور مینجمنٹ نے اس ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

آل راؤنڈر نے کہا کہ بھارت کے خلاف ٹورنامنٹ کے پہلے میچ نے ٹیم کے اعتماد میں بے پناہ اضافہ کردیا تھا کیونکہ کسی بھی ٹورنامنٹ میں اگر آپ پہلا میچ جیت جاتے ہیں تو اس سے آپ کو بہت اعتماد ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھارت کے خلاف کافی میچوں میں ٹیم کا حصہ رہا اور شکست کے بعد ہمیں اس کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑتا تھا لیکن مجھے مجھے خوشی ہے کہ میں اس مرتبہ اس ٹیم کا حصہ ہوں جس نے ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ بھارت کو شکست دی۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ 2021ء میں بننے والے دلچسپ ریکارڈز

محإد حفیظ نے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے گفتگو سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت میری توجہ ورلڈ کپ پر مرکوز ہے اور میں ورلڈ کپ کے بعد فیصلہ کروں گا کہ مجھے کیا کرنا ہے

ان کا کہنا تھا کہ میں بہت جذباتی کھلاڑی ہوں اور پاکستان کے لیے کھیلنا فخر کی بات ہے۔

واضح رہے کہ سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ممکنہ طور پر آسٹریلیا سے ہو گا

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں