ملک کی نصف آبادی کو کورونا ویکسین کی کم از کم ایک خوراک دے دی گئی، اسد عمر

اپ ڈیٹ 11 نومبر 2021
50 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا اعلان این سی او سی کے سربراہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے سوشل میڈیا پر کیا — فائل فوٹو: اے پی پی
50 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا اعلان این سی او سی کے سربراہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے سوشل میڈیا پر کیا — فائل فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد: پاکستان نے کورونا ویکسی نیشن کے عمل میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے ویکسین کے لیے اہل اپنی نصف آبادی کو کم از کم ایک خوراک لگادی ہے۔

دوسری جانب ملک نے ایک ہی دن میں 17 لاکھ ویکسین کی خوراک لگا کر ایک اور ریکارڈ بنا لیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق 4 کروڑ 59 لاکھ 86 ہزار 932 افراد کو مکمل طور پر ویکسین لگائی جاچکی ہے جبکہ 7 کروڑ 61 لاکھ 39 ہزار 355 دیگر افراد کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک ملی ہے جبکہ لگائی گئی کُل خوراکوں کی تعداد 11 کروڑ 48 لاکھ 91 ہزار 170 تک پہنچ گئی ہے۔

مزید پڑھیں: عالمی ادارہ صحت کا دنیا بھر میں سرنجوں کی بدترین قلت کا انتباہ

50 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا اعلان این سی او سی کے سربراہ و وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے سوشل میڈیا پر کیا۔

انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’ملک کی 50 فیصد اہل آبادی کو کم از کم ایک خوراک لگانے کے اہم سنگ میل تک پہنچ گئے ہیں، خیبر پختونخوا اپنی نصف اہل آبادی کو ویکسین کی کم از کم ایک خوراک لگانے والا دوسرا صوبہ بن گیا ہے، کل پاکستان میں 17 لاکھ ویکسین لگائی گئیں جو اب تک ایک روز میں سب سے زیادہ ہیں‘۔

اس سے قبل رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں پنجاب نے اعلان کیا تھا کہ اس کی ویکسین کی اہل آبادی میں سے 50 فیصد سے زیادہ کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔

خسرہ کے خلاف پیش رفت میں مشکلات

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور یو ایس سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) کے مطابق خسرہ کے خاتمے کی جانب پیش رفت میں مسلسل کمی آرہی ہے اور پھیلنے کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے جبکہ گزشتہ سالوں کے مقابلے دنیا بھر میں خسرہ کے کیسز میں کمی آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیند کے مسائل کووڈ 19 کی شدت بڑھانے والا عنصر قرار

گزشتہ سال 2 کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ شیر خوار بچوں کو خسرہ کی ویکسین کی پہلی خوراک نہیں مل سکی تھی جو اس کے پھیلنے کے لیے خطرناک صورتحال پیدا کر سکتی ہے۔

جہاں گزشتہ سال کے مقابلے میں 2020 میں دنیا میں خسرہ کے رپورٹ ہونے والے کیسز میں 80 فیصد سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے وہیں پاکستان 15 سے 27 نومبر تک 3 کروڑ 20 لاکھ بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کی مہم شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں