کراچی میں کورونا کیسز کی مثبت شرح 15 فیصد سے بڑھ گئی

09 جنوری 2022
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں اومیکرون ویرینٹ کی شرح 87 فیصد سے زائد ہے—فائل فوٹو: اے پی
محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں اومیکرون ویرینٹ کی شرح 87 فیصد سے زائد ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی قسم اومیکرون کے پھیلاؤ کا سب سے زیادہ اثر کراچی میں دیکھا جارہا ہے جہاں کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 15 فیصد سے زائد ہوگئی ہے۔

وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز 5 ہزار 168 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 780 افراد وائرس سے متاثر پائے گئے۔

دوسری جانب محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ کراچی میں اومیکرون ویرینٹ کی شرح 87 فیصد سے بڑھ چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اومیکرون کیسز میں اضافے کے جائزے کے بعد لاک ڈاؤن کیا جاسکتا ہے، وزیر صحت سندھ

ایک بیان میں صوبائی صحت حکام نے کہا کہ گزشتہ روز 24 نمونوں کی نیکسٹ جنریشن سیکوینسنگ کی گئی جن میں سے 21 نمونوں میں اومیکرون ویرینٹ کی تشخیص ہوئی۔

حکام کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ کورونا کیسز ضلع شرقی میں سامنے آ رہے ہیں جس کے بعد دوسرا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ضلع جنوبی ہے۔

اس ضمن میں پارلیمانی سیکریٹری صحت سندھ قاسم سومرو نے کہا کہ اگر کورونا کے کیسز کی شرح یوں ہی بڑھتی رہی تو سخت اقدامات کرنے پڑیں گے، خدشہ ہے آئندہ ہفتے سے ہسپتالوں پر بوجھ پڑنا شروع ہو جائے گا۔

مزید پڑھیں:ملک میں مزید ایک ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد 13 لاکھ سے متجاوز

ان کا مزید کہنا تھا کہ شادیوں اور دیگر اجتماعات میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہےجہاں ایس او پیز کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔

ملک بھر میں وائرس کی صورتحال

دوسری جانب ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ایک ہزار 572 نئے کیسز سامنے آئے جو 2 اکتوبر کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے۔

اس کے علاوہ یہ مسلسل چوتھا روز ہے کہ جب ملک میں کورونا وائرس کے ایک ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے اور کیسز مثبت آنے کی شرح بھی 3.16 فیصد تک بڑھ چکی ہے۔

ملک کے مختلف حصوں میں گزشتہ روز کتنے کیسز سامنے آئے اس کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

  • سندھ: 958 کیسز، 3 اموات

  • پنجاب: 448 کیسز، 2 اموات

  • اسلام آباد: 116 کیسز

  • خیبر پختونخوا: 42 کیسز، ایک موت

  • بلوچستان: ایک کیس، ایک موت

  • آزاد کشمیر: 6 کیسز

  • گلگت بلتستان: ایک کیس

اب تک ملک میں 13 لاکھ 4 ہزار 58 کورونا کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں سے 28 ہزار 969 متاثرہ افراد انتقال کر گئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 325 صحتیاب ہوئے، جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 58 ہزار 657 ہوگئی ہے۔

اس وقت پاکستان میں کورونا وائرس کے فعال 16 ہزار 432 کیسز موجود ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں