شوکت ترین کورونا کا شکار، شہباز شریف بھی دوبارہ متاثر

اپ ڈیٹ 19 جنوری 2022
وزیر خزانہ شوکت ترین اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا — فائل فوٹو / قومی اسمبلی ٹوئٹر / اے ایف پی
وزیر خزانہ شوکت ترین اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا — فائل فوٹو / قومی اسمبلی ٹوئٹر / اے ایف پی

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر شوکت ترین کورونا میں مبتلا ہوگئے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی ایک بار پھر وبا سے متاثر ہو گئے۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی ڈان نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔

کورونا مثبت آنے کی وجہ سے قومی پرائس مانیٹرنگ کمیٹی اور اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے آج ہونے والے اجلاس ملتوی کردیے گئے ہیں۔

وزیر خزانہ کی زیر صدارت ای سی سی نے 15 نکاتی ایجنڈے پر غور کرنا تھا جبکہ شوکت ترین، گزشتہ روز کابینہ اجلاس میں بھی شریک نہیں ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: سلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف بھی کورونا وائرس سے متاثر

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااللہ تارڑ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف میں وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر ٹیسٹ کرایا گیا جو مثبت آیا ہے، جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف نے تمام سیاسی اور سماجی سرگرمیاں ترک کر کے اپنی رہائشگاہ پر خود کو قرنطینہ کرلیا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر مکمل عمل کر رہے ہیں۔

عطااللہ تارڑ نے اپوزیشن لیڈر کی صحت کے لیے قوم سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اس سے قبل بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

گزشتہ سال جون میں شہباز شریف میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے ماڈل ٹاؤن میں واقع رہائش گاہ پر خود کو قرنطینہ کرلیا تھا اور ڈاکٹروں کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے کچھ دنوں بعد صحت یاب ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے احسن اقبال، پی ٹی آئی کے فرخ حبیب بھی کورونا میں مبتلا

اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی بھی دوسری بار کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

شہباز شریف کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دیگر کئی رہنما بھی کورونا سے متاثر ہوکر صحتیاب ہوچکے ہیں جن میں پارٹی کی نائب صدر مریم نواز، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال اور حمزہ شہباز بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے پہلے سیاستدان تھے جن میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ آئسولیشن میں رہنے کے بعد صحتیاب ہو گئے تھے۔

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے وزیر انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی جمشید الدین کاکاخیل اور مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کے باعث انتقال کر چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں