اسرائیلی صدر مارچ میں ترکی کا دورہ کریں گے، طیب اردوان

03 فروری 2022
رجب طیب اردوان نے کہا کہ اسرائیلی صدر کے اس دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کو بحال کرنا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
رجب طیب اردوان نے کہا کہ اسرائیلی صدر کے اس دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کو بحال کرنا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ رواں سال مارچ کے وسط میں اسرائیل کے صدر آئزک ہرزوگ ترکی کا دورہ کریں گے۔

خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق یوکرین کے دورے پر روانگی سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا کہ اسرائیلی صدر کے اس دورے کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کو بحال کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: اسرائیل کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کیلئے تیار ہیں، رجب طیب اردوان

اس سے قبل 27 جنوری کو بھی رجب طیب اردوان نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیلی ہم منصب فروری میں ترکی کا دورہ کریں گے، تاہم اب اس دورے میں التوا کی وجہ بیان نہیں کی گئی۔

2010 میں غزہ کی پٹی پر ترک فلوٹیلا پر اسرائیلی حملے میں 10 شہریوں کی ہلاکت کے بعد سے ترکی اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کشیدہ رہے ہیں۔

تاہم حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ بہتر تعلقات پر کام کر رہے ہیں اور اسرائیل کے حق میں مستقل آواز اٹھانے والے ترک صدر وقتاً فوقتاً اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ اور دیگر اسرائیلی رہنماؤں کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطے میں رہتے ہیں۔

رجب طیب اردوان نے پچھلے ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ ترکی کے راستے یورپی گاہکوں کو بحیرہ روم کی گیس بھیجنے کے ایک پرانے منصوبے کو بحال کرنے کے حوالے سے اسرائیل کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل 'دہشت گرد' ریاست ہے، طیب اردوان

انہوں نے یہ تبصرہ ایک ایسے موقع پر کیا جب امریکا نے مبینہ طور پر اسرائیل اور ترکی کے تاریخی حریف یونان کے پائپ لائن منصوبے کی حمایت ترک کر دی تھی۔

ترکی نے اس منصوبے کی شدید مخالفت کی تھی جسے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سابق انتظامیہ کی مکمل حمایت حاصل کی تھی۔

واضح رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان، یوکرین اور روس کے درمیان تنازع کے حل کے لیے یوکرین کا دورہ کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں