انتظار ختم، ’عشرت میڈ ان چائنا‘ ریلیز

فلم کو تین مارچ کو پیش کیا گیا—فوٹو: انسٹاگرام
فلم کو تین مارچ کو پیش کیا گیا—فوٹو: انسٹاگرام

طویل انتظار کے بعد اداکار محب مرزا اور صنم سعید کی رومانٹک کامیڈی ایکشن فلم ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کو پاکستان بھر کے سینماؤں میں پیش کردیا گیا۔

’عشرت: میڈ ان چائنا‘ محب مرزا کے 2006 کے مقبول کامیڈی ڈرامے ’عشرت باجی‘ کا تسلسل ہے اور مذکورہ فلم میں جہاں وہ اداکاری کرتے دکھائی دیتے ہیں، وہیں وہ انہوں نے اس کے ذریعے ہدایت کاری کی دنیا میں بھی قدم رکھا ہے۔

’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کی شوٹنگ چین کے بجائے تھائی لینڈ میں کی گئی ہے اور ابتدائی طور پر فلم کو 2021 میں ہی ریلیز کیا جانا تھا مگر کورونا کے باعث اس کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: ’عشرت: میڈ ان چائنا‘ کو مارچ میں ریلیز کرنے کا اعلان

فلم کا پریمیئر 3 مارچ کو کراچی میں منعقد کیا گیا تھا، جس میں متعدد شوبز شخصیات سمیت میڈیا سے وابستہ افراد نے بھی شرکت کی تھی۔

احسن رضا فردوسی کی لکھی گئی فلم کی ہدایات جہاں محب مرزا نے دی ہیں، وہیں اس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی حیثیت سے ان کا ساتھ تحسین خان اور پرمیش ادیوال نے بھی دیا ہے۔

عشرت: میڈ ان چائنا‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کرنے والے فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائے) نے اس میں منفی کردار ادا کیا ہے اور ان کے کردار کو بہت سراہا جا رہا ہے۔

فلم میں ’عشرت‘ کا مرکزی کردار محب مرزا نے ادا کیا ہے جب کہ صنم سعید نے ان کی محبت ’اختر‘ کا کردار ادا کیا ہے۔

فلم میں نہ صرف ایکشن اور رومانس کو دکھایا گیا ہے بلکہ اس میں کامیڈی اور مصالحے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

فلم کے ٹریلرز اور گانوں کو بہت سراہا گیا تھا، تاہم گانوں پر صنم سعید کے ڈانس پر انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔

فلم کی کاسٹ میں صنم سعید، سارہ لورین، شمعون عباسی، علی کاظمی، مانی، شبیر جان، نیر اعجاز، امام سید اور مصطفیٰ چوہدری شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں