روپے کی بے قدری جاری، ڈالر 193 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

اپ ڈیٹ 13 مئ 2022
ملک بوستان نے ڈالر کی قیمت کو روکنے کے لیے  غیر ضروری  درآمدی اشیاء  کی امپورٹ پر پابندی عائد کرنے اور چارٹرڈ آف اکنامی بنانے کی تجویز دی ہے۔ فوٹو: رائٹرز
ملک بوستان نے ڈالر کی قیمت کو روکنے کے لیے غیر ضروری درآمدی اشیاء کی امپورٹ پر پابندی عائد کرنے اور چارٹرڈ آف اکنامی بنانے کی تجویز دی ہے۔ فوٹو: رائٹرز

انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کی صبح امریکی ڈالر کی قدر 193 روپے سے زیادہ ہو کر نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور گزشتہ روز 192 روپے کی بلند سطح پر پہنچنے سمیت تمام ریکارڈ بھی توڑ دیے ہیں۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق دن کے آغاز میں ڈالر کی قدر میں 1 روپے 20 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد گزشتہ روز 192 روپے پر بند ہونے کے بعد ڈالر آج صبح 11:00 بجے کے قریب 193روپے 10 پیسے کا ہوگیا۔

پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مسلسل چار دن سے تاریخی اضافہ جاری ہے، غیر ملکی کرنسی منگل کو انٹربینک مارکیٹ میں 188 روپے 66 پیسے کی ہونے کے بعد بدھ کو بڑھ کر190 روپے 90 پیسے کی ہو گئی جبکہ جمعرات کو ڈالر کی قدر 192 روپے کی ہو گئی تھی۔

الفا بیٹا کور کے چیف ایگزیکٹو خرم شہزاد نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں آج مزید اضافے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: روپے کی گراوٹ کا سلسلہ جاری، ڈالر 192 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

انہوں نے اس ڈیولپمنٹ کو عالمی مارکیٹ میں ڈالر کی متوقع مضبوطی اور امریکا میں شرح سود میں اضافے سے منسلک کیا ہے۔

انہوں نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں غیر یقینی صورتحال اور ایک ارب ڈالر کی قسط میں تاخیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے معاشی اعشاریے بھی کمزور ہیں اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) بھی آن بورڈ نہیں ہے۔

ان وجوہات کی روشنی میں شہزاد نے وضاحت کی کہ کرنسی مارکیٹ میں روپے کا ڈالر کے مقابلے میں مسلسل قدر کھونا متوقع تھا۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں تیزی سے کمی کی ایک وجہ ملک کا بلند درآمدی بل بھی ہے۔

مزید پڑھیں: ڈالر 190 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، اسٹاک مارکیٹ میں 600 پوائنٹس کی کمی

فاریکس ایسوسی ایشن کے چئیرمین ملک بوستان نے ڈالر کی قیمت کو روکنے کے لیے غیر ضروری اشیا کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کی تجویز دی ہے۔

ملک بوستان کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم رکھنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کے استعمال کو بھی محدود کیا جائے اور بڑی بسوں میں ڈیزل کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے تاکہ ہماری تیل کی کھپت جس میں 30 فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے اس میں مزید اضافے کو روکا جاسکے ۔

انہوں نے سیاسی جماعتوں کو بھی مل کر روپے کو مستحکم کرنے کے لیے میثاق معیشت تشکیل دینے کی تجویز دی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈان اخبار کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شرح مبادلہ میں اضافے نے معیشت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

روپیہ اپنی قدر بنیادی طور پر درآمدات میں بے قابو اضافے اور برآمدات میں ترقی کی نسبتاً سست رفتار کی وجہ سے کھو رہا تھا، اس کی عکاسی تجارتی خسارے سے ہوئی جو جولائی تا اپریل میں 39 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔

ویب پر مبنی مالیاتی ڈیٹا اور تجزیاتی پورٹل ’میٹس گلوبل‘ نے بتایا تھا کہ ڈالر میں مسلسل اضافے کی وجہ ملک میں جاری معاشی بحران اور خاص طور پر زرمبادلہ کے کم ذخائر اور سیاسی غیر یقینی کی صورتحال کا ہونا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری، انٹربینک میں ڈالر 187 تک پہنچ گیا

کرنسی ڈیلرز نے بتایا تھا کہ ڈالر کی زیادہ مانگ کرنسی مارکیٹ میں تیزی کے رجحان کی اہم وجہ ہے، موجودہ حکومت سے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے قرض پروگرام بحال کرنے کے لیے ایندھن اور بجلی کی سبسڈی کو تبدیل کرنے کی شرط نے اسٹیک ہولڈرز کے اعتماد کو مزید ختم کردیا۔

مقامی کرنسی کی قدر میں روزانہ کمی ایک سنگین خوف و ہراس سبب بن سکتی ہے کیونکہ سرمایہ کار غیر یقینی صورتحال کا شکار پائے جاتے ہیں، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور مقامی کرنسی کی قدر میں کمی کا مطلب صارفین کی قوت خرید میں کمی ہے کیونکہ تاجر اپنی سرمایہ کاری کو بچانے کے لیے زیادہ منافع طلب کرتے ہیں۔

کرنسی کے ماہرین اور ڈیلرز نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ آنے والے دنوں میں روپیہ مزید تیزی سے گرے گا جب تک کہ کہیں سے آمدن کا امکان نظر نہ آئے۔

کرنسی ڈیلر ظفر پراچہ نے صورتحال کو خطرناک قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ڈالر کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر ڈالر کی قدر جلد 200 روپے تک پہنچ سکتی ہے۔

دریں اثنا فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے کہا تھا کہ انٹربینک مارکیٹ، اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں زیادہ غیر مستحکم ہے اور اس کی وجہ سے ڈالر کی مانگ میں اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف سے کیے جانے والے تمام معاہدے نبھائیں گے، مفتاح اسمٰعیل

انہوں نے مزید کہا تھا کہ حج پر جانے کا ارادہ رکھنے والے افراد سعودی ریال کی کمی کی وجہ سے ڈالر خرید رہے ہیں اور اس کے نتیجے میں اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، لیکن ان کا خیال ہے کہ ڈالر کی مانگ میں یہ اضافہ عارضی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ آئی ایم ایف اپنے 6 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے حجم کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانے پر راضی ہو جائے گا، روپے کی تیزی سے بحالی سے جڑے اس امکان کو آئی ایم ایف نے پی ٹی آئی کی معزول حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی توانائی کی سبسڈی کو مکمل طور پر واپس لینے سے مشروط کر دیا ہے۔

تاہم حکومت نے اب تک مالیاتی طور پر ان غیر پائیدار سبسڈیز کو واپس لینے کے بارے میں فیصلہ نہیں لیا ہے۔

دریں اثنا درآمد کنندہ اور سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبداللہ ذکی نے ڈالر کی قیمت میں اضافے کے بعد بڑھتی ہوئی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ درآمدی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور اس کا خمیازہ بالآخر صارفین کو بھگتنا پڑے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں