الیکشن کیلئے ہم پہلے سے تیار ہیں، نواز شریف

20 مئ 2022
نواز شریف نے عمران خان کو نے بدتمیزی کے کلچر کی بنیاد رکھ دی—فائل/فوٹو: ڈان
نواز شریف نے عمران خان کو نے بدتمیزی کے کلچر کی بنیاد رکھ دی—فائل/فوٹو: ڈان

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ الیکشن کے لیے ان کی تیاری مکمل ہے اور پہلے سے ہی تیار ہیں۔

لندن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی جو بربادی کی ہے، تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی اور شاید آئندہ بھی نہ ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ انہوں نے ہر شعبے میں کیا ہے وہ پاکستان کے لیے آئندہ ایسے گہرے اثرات چھوڑ رہی ہے کہ اس کو دوبارہ ٹھیک کرنا بہت مشکل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری معیشت، معاشرت، اخلاقیات کو تباہ کردیا اور اس شخص نے بدتمیزی کے کلچر کی بنیاد ڈال دی، اس کو یہ نہیں پتہ کہ ماں، بہن کی عزت کس کو کہتےہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کے خلاف قابل افسوس زبان درازی پر خواتین پر زور مذمت کریں، وزیراعظم

عمران خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کو یہ نہیں پتہ خواتین کی عزت ہمارے یا اسلامی معاشرے میں کیا مقام ہے، نام لیتا ہے مدینے کی ریاست لیکن باتیں اور حرکتیں وہ کرتا ہے کہ دنیا کے گندے سے گندے معاشرے میں بھی دیکھنے کو نہیں ملتی۔

نواز شریف نے کہا کہ کیا پاکستان ایسے حالات سے باہر نکل سکتا ہے، اس ملک کو اتنی قربانیوں سے حاصل کیا اور ملک کی ہم سب نے خدمت کی ہے لیکن پاکستان کو اس طرح تباہی کا شکار ہوتے ہوئے میری آنکھیں تو نہیں دیکھ سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی 70 سال کی تاریخ میں سب سے بڑا مجرم کوئی آیا ہے تو اس کا نام عمران خان ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی کمزور فیصلے نہیں کیے، اگر مسلم لیگ کے کسی بھی دور کے ساتھ موازنہ کریں تو مسلم لیگ کا دورہ نمبرون رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ قوت اور صلاحیت رکھتی ہے کہ پاکستان کو دوبارہ اپنے مقام پر واپس لے آئے لیکن اس کے لیے بہت محنت اور قربانی درکار ہوگی۔

مزید پڑھیں: مقتدر ادارے سے لاڈلے کی طرح ہمیں تعاون ملتا تو پاکستان راکٹ کی طرح اوپر جاتا، وزیراعظم

الیکشن کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم تو کب سے تیاری مکمل کر بیٹھے ہیں، ہم پہلے سے تیار ہیں، ضمنی انتخاب میں بھی نتیجہ عوام کے سامنے لے کر آئے ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کے دور میں ضمنی الیکشن میں اس کو شکست ہوئی ہے اور آج تو بات ہی دوسری ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں