آئی سی سی ون ڈے رینکنگ:بابر اعظم بدستور نمبر ون، امام الحق دوسری پوزیشن پر آگئے

16 جون 2022
ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار کارکردگی پر امام الحق کو پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ  سے نوازا گیا تھا—فوٹو: آئی سی سی ویب سائٹ
ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار کارکردگی پر امام الحق کو پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا—فوٹو: آئی سی سی ویب سائٹ

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم پہلی اور اوپنر امام الحق دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔

پاکستان کےان فارم اوپنر امام الحق بھارت کے تجربہ کار ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ کر آئی سی سی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آگئے۔

یہ پہلی بار ہوا ہے کہ پاکستان کے 2 بلے باز آئی سی سی رینکنگ میں دونوں ابتدائی پوزیشن پر موجود ہیں۔

امام الحق نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کی حالیہ ون ڈے سیریز کے دوران 3 نصف سنچریاں بنائیں تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ون ڈے رینکنگ: پاکستان نے بھارت کو پیچھے چھوڑ کر چوتھی پوزیشن سنبھال لی

ان کی شاندار کارکردگی پر انہیں پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

اپنی زبردست کارکردگی کی بدولت وہ بدھ کے روز جاری ہونے والی آئی سی سی کی تازہ ترین ٹاپ ٹین کھلاڑیوں کی درجہ بندی میں بھی شامل ہوگئے۔

26 سالہ نوجوان بلے باز امام الحق نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے آگے نکلنے کے لیے 20 ریٹنگ پوائنٹس کی بڑی چھلانگ لگائی اور اس کے ساتھ ہی اپنے کیریئر بیسٹ 815 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیے۔

امام الحق کپتان بابر اعظم کے 892 کے پوائنٹس سے ابھی بھی کافی پیچھے ہیں، پاکستانی کپتان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف افتتاحی میچ میں اپنی 17ویں ون ڈے سینچری کے ساتھ ون ڈے پلیئرز کی درجہ بندی میں اپنی شاندار برتری کو برقرار رکھا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ میں کپتان بابر اعظم کا پہلا، امام الحق کا دوسرا جب کہ سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کا تیسرا نمبر ہے۔

ان کے علاوہ روہت شرما چوتھے، کوئنٹن ڈی کوک پانچویں، روس ٹیلر چھٹے، رسی وین ڈیرڈوسن ساتویں، جونی برسٹو آٹھویں، آرون فنچ نویں جبکہ ڈیوڈ وارنر دسویں نمبر پر ہیں۔

دوسری جانب باؤلرز کی تازہ ترین رینکنگ میں پاکستان کے لیے ایک اور اچھی خبر تھی، دراز قد کے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی ویسٹ انڈیز کے خلاف اچھی بالنگ کا مظاہرہ کرنے کے بعد 2 درجے ترقی پا کر چوتھے نمبر پر آگئے۔

یہ بھی پڑھیں: تیسرے ون ڈے میں بھی فتح: پاکستان کا ویسٹ انڈیز کیخلاف کلین سوئپ

بالرز کی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے تیز رفتار ٹرینٹ بولٹ بدستور سرفہرست ہیں، آسٹریلیا کے تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ اور کیوی کھلاڑی میٹ ہنری بالترتیب ایک درجے کی ترقی کے بعد دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

انگلینڈ کے تیز رفتار بالر کرس ووکس ٹاپ فائیو سے نکل کر چھٹے نمبر پر آ گئے۔

آل راؤنڈر رینکنگ میں سب سے بڑی چھلانگ عمان کے ذیشان مقصود نے لگائی، وہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ لیگ 2 میں شاندار کارکردگی کے بعد 13 درجے کی چھلانگ لگا کر 10 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔

34 سالہ تجربہ کار کھلاڑی نے اس ماہ کے شروع میں نیپال کے خلاف ناقابل شکست سینچری بنائی تھی اور اس کے بعد امریکا کے خلاف میچ میں شاندار بالنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں