اسلام آباد: خواجہ سرا پر طنز کرنے والا کانسٹیبل گرفتار

اپ ڈیٹ 26 جون 2022
کانسٹیبل کے خلاف رمنا پولیس اسٹیشن میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 506 آئی آئی  کے تحت مقدمہ درج کیا گیا — فائل فوٹو: ڈان نیوز
کانسٹیبل کے خلاف رمنا پولیس اسٹیشن میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 506 آئی آئی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا — فائل فوٹو: ڈان نیوز

پولیس کے خواجہ سرا پروٹیکشن یونٹ کے سربراہ کو طعنے دینے والے کانسٹیبل کو اسلام آباد میں گرفتار کر لیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ایف 6 میں واقع پولیس سہولت سینٹر میں سپورٹ افسر اور ٹرانس جینڈر پروٹیکشن یونٹ کے سربراہ نایاب علی کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے کانسٹیبل کے خلاف رمنا پولیس اسٹیشن میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 506 آئی آئی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق نایاب علی، پارو خان نامی خواجہ سرا کے خلاف ہونے والے جرم کی رپورٹ درج کرانے رمنا تھانے گئے جہاں کانسٹیبل نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی۔

یہ بھی پڑھیں: مانسہرہ میں لڑکے کا خواجہ سرا پر بدترین تشدد

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ کانسٹیبل کی جانب سے استعمال کیے گئے الفاظ کے جواب میں نایاب علی نے اپنا تعارف کرایا اور کانسٹیبل سے نامناسب الفاظ استعمال نہ کرنے کو کہا لیکن کانسٹیبل نے اپنی بندوق ان کی جانب اٹھاتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر انہوں نے مزید کوئی اور لفظ کہا تو انہیں گولی مار دی جائے گی۔

تھانے میں موجود دیگر پولیس افسران نے اس دوران کچھ نہیں کیا، صرف کانسٹیبل کو ایک سائیڈ پر لے گئے جس کے بعد کانسٹیبل واپس آیا اور انہیں گالیاں دینے لگا۔

ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ بار بار درخواست کیے جانے کے باوجود بھی نایاب علی اور پارو خان کو تھانے سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی گئی جس پر واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد خواجہ سراؤں نے تھانے کے باہر احتجاج کیا۔

شکایت کنندہ نے ایف آئی آر میں کہا کہ مجھے رمنا تھانے کی جانب سے ابھی تک پولیس سیکیورٹی فراہم کرنا باقی ہے جب تک کہ انکوائری مکمل نہیں ہو جاتی، میں خود کو ان پولیس افسران سے بہت غیر محفوظ اور خوف زدہ محسوس کر رہا ہوں جنہیں میں اپنا ساتھی سمجھتا تھا۔

مزید پڑھیں: جہلم: خواجہ سراؤں کو مبینہ طور پر فروخت کرنے والے 2 افراد گرفتار

دوسری جانب ایک نامعلوم شخص نے یاور خان نامی خواجہ سرا کو سیکٹر جی الیون کے علاقے میں مارا جہاں وہ رات کے کھانے کے لیے گیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ ملزم نے خواجہ سرا سے ایک لاکھ روپے کے طلائی زیورات، 28 ہزار روپے بھی چھین لیے اور فرار ہوگیا۔

ایک اور واقعے میں ایک شخص نے خواجہ سرا قاسم عرف صائمہ کے گھر میں گھس کر اس کو تشدد کا نشانہ بنایا اوراس کے بعد 50 ہزار روپے اور ایک لاکھ 61 ہزار روپے مالیت کے زیورات چھین کر فرار ہوگیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں