کراچی: مختلف علاقوں میں تیز بارش، کرنٹ لگنے سے ایک شہری جاں بحق

اپ ڈیٹ 16 اگست 2022
اورنگی ٹاؤن سیکٹر 4- ڈی کا رہائشی 40 سالہ عابد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا — فائل فوٹو: رائٹرز
اورنگی ٹاؤن سیکٹر 4- ڈی کا رہائشی 40 سالہ عابد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا — فائل فوٹو: رائٹرز

کراچی میں آج بھی تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے جاری رہا، اس دوران کرنٹ لگنے سے شہری جاں بحق ہوا اور متعدد علاقے زیر آب آگئے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے بتایا کہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر 4- ڈی کا رہائشی 40 سالہ عابد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا، جن کی لاش مطلوبہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کی گئی۔

رواں ہفتے کے دوسرے دن بھی کراچی میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش جاری ہے، جس کی وجہ سے شہر کا نظام زندگی شدید متاثر ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: بارش سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کی مشکلات برقرار، مزید 10 افراد جاں بحق

آج دوپہر 2 بجے کراچی میں تیز بارش ہوئی, مختلف علاقوں میں بارش کی نوعیت مختلف ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سب سے زیادہ 41 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، کیماڑی میں 40 ملی میٹر، صدر میں 30 ملی میٹر، پاکستان ایئر فورس مسرور بیس میں 20 ملی میٹر اور ناظم آباد میں 15 ملی میٹر بارش رکارڈ کی گئی۔

شدید بارش کے بعد شاہراہ فیصل، صدر، کلفٹن، یونیورسٹی روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، صفورہ چوک اور شہر کی دیگر سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

دریں اثنا کے-الیکٹرک کے ترجمان عمران رانا نے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے باعث بجلی کی فراہمی میں عارضی تعطل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کے-الیکٹرک کا عملہ بدلتے ہوئے موسمی حالات کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور اس پر متحرک ہے اور کسی ایمرجنسی کی صورت میں شہری 118 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

مون سون کیا نیا مرحلہ

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ وسطی بھارت میں مون سون کا ایک تازہ مگر کم دباؤ کے حامل مرحلے سے آج رات مشرقی سندھ متاثر ہونے کا امکان ہے، جو راجستھان تک پھیلا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز بارش، کرنٹ لگنے سے 4 شہری جاں بحق

محکمہ موسمیات کے مطابق اس مرحلے سے سندھ میں شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، خیرپور، سکھر، لاڑکانہ، گھوٹکی، کشمور، شکارپور، جیکب آباد، دادو، جامشورو، قمبر شہدادکوٹ، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، حیدرآباد، مٹیاری، ٹھٹہ، سجاول، سانگھڑ کے اضلاع اور کراچی ڈویژن میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

بارش کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں جاری بارش کے سلسلے میں 18 اگست سے 20 اگست تک شدت اختیار کرنے کا امکان ہے، جس سے سندھ کے شہروں بشمول دادو، جامشورو، قمبر شہداد کوٹ اور زیریں علاقوں میں 19 اگست سے سیلاب کا خدشہ ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی: کئی علاقوں میں تیز بارش، مختلف واقعات میں 7 افراد جاں بحق

محکمہ موسمیات نے مزید خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارش سے کراچی، حیدرآباد، بدین، ٹھٹہ، سجاول، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہیار، دادو، جامشورو، نوشہرو فیروز، شہید بینظیر آباد، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ اور سکھر اضلاع کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے سیلاب کا خدشہ ہے۔

اس ضمن میں بتایا گیا کہ سمندر کے حالات بدستور غیر موافق رہنے کا امکان ہے اور ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں محتاط رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں