• KHI: Asr 4:33pm Maghrib 6:11pm
  • LHR: Asr 3:58pm Maghrib 5:37pm
  • ISB: Asr 4:02pm Maghrib 5:41pm
  • KHI: Asr 4:33pm Maghrib 6:11pm
  • LHR: Asr 3:58pm Maghrib 5:37pm
  • ISB: Asr 4:02pm Maghrib 5:41pm

وفاقی کابینہ نے پیاز، ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت دے دی، ٹیکس میں چھوٹ

شائع September 1, 2022
— فائل فوٹو: اے پی پی
— فائل فوٹو: اے پی پی

وفاقی کابینہ نے پیاز اور ٹماٹر درآمد کرنے کی اجازت دیتے ہوئے ٹیکس سے استثنیٰ کی منظوری بھی دے دی۔

کابینہ ڈویژن نے فیصلوں کی منظوری کا باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا۔

جاری بیان کے مطابق سیکریٹری ریونیو ڈویژن عاصم احمد نے 30 اگست 2022 کو ٹماٹر اور پیاز کی درآمد اور ٹیکس استثنیٰ کی سمری غور اور منظوری کے لئے وزیراعظم کو بھجوائی تھی۔

سمری میں حالیہ تباہ کن سیلاب کی صورتحال اور اس کے نتیجے میں زرعی اجناس خاص طور پر پیاز اور ٹماٹر کی ملک میں بڑھتی قلت کا حوالہ دیتے ہوئے درآمد کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

مزید پڑھیں: بھارت سے اشیائے خورونوش درآمد کرنے پر غور کرسکتے ہیں، مفتاح اسمٰعیل

کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد کی اجازت دے دی اور موجودہ ہنگامی حالات میں ان اشیا کی درآمد پر ٹیکس استثنیٰ دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ 29اگست کو وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا تھا کہ حکومت لوگوں کی سہولت کے لیے بھارت سے سبزیاں و دیگر اشیائے خورونوش درآمد کرنے پر غور کرسکتی ہے کیونکہ حالیہ سیلاب کی وجہ سے ملک بھر میں فصلیں تباہ ہو گئی ہیں۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق مفتاح اسمٰعیل نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں یہ بیان دیا تھا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ قلت کی وجہ سے سبزیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور انہوں نے سیکریٹری تجارت اور سیکریٹری خزانہ سے اس مسئلے پر تبادلہ خیال کیا ہے اور وہ ایک یا دو دن میں وزیراعظم کے پاس لائحہ عمل لے کر جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ٹماٹر کی قیمت 480 روپے فی کلو تک پہنچ گئی

انہوں نے کہا تھا کہ ہم ڈیوٹی فری درآمدات کھولیں گے، میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ ہم بھارت کے ساتھ زمینی راستے کے ذریعے درآمدات پر غور کریں گے کیونکہ سبزیوں کی قیمتیں غیر مستحکم ہیں۔

مفتاح اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ وہ عام طور پر کسانوں کے پیسے کمانے کے حق میں ہیں اور درآمدات نہیں کھولنا چاہتے لیکن یہ ایک ‘غیر معمولی صورت حال’ ہے اور ضرورت پڑنے پر بھارت کے ساتھ تجارت کھولی جا سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: تاجر برادری کا بھارت سے سبزیوں کی درآمدات فوری شروع کرنے پر زور

خیال رہے کہ بلوچستان اور سندھ میں سیلاب سے فصلوں کی تباہی اور منڈیوں میں سپلائی کم ہونے کے باعث کراچی کی مارکیٹ میں ٹماٹر کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے اور ایک کلو ٹماٹر کی قیمت 480 روپے ہوگئی جبکہ پیاز کی قیمت 200 روپے فی کلو تک پہنچ گئی تھی۔

اطلاعات کے مطابق پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں 60 سے 90 روپے فی کلو اضافے سے ان کی قیمت 110 اور 150 روپے فی کلو پر پہنچ گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 9 اکتوبر 2024
کارٹون : 8 اکتوبر 2024