کراچی میں اسٹریٹ کرائمز میں تیزی، ڈکیتی مزاحمت پر 3 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 05 ستمبر 2022
علاقہ مکینوں نے ڈاکوؤں کو پکڑنے کی کوشش کی تو وہ فائرنگ کرکے فرار ہوگئے — فائل فوٹو: رائٹرز
علاقہ مکینوں نے ڈاکوؤں کو پکڑنے کی کوشش کی تو وہ فائرنگ کرکے فرار ہوگئے — فائل فوٹو: رائٹرز

کراچی میں اسٹریٹ کرائمز اور جرائم کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے، پولیس کے مطابق شہر میں ڈکیتی کی مختلف وارداتوں میں مزاحمت کے دوران 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا تھا کہ دکاندار 25 سالہ عثمان مشتاق کاظم آباد کے علاقے حضرت علی چوک کے قریب اپنی دکان کے کاؤنٹر میں کھڑا تھا کہ 2 موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے دکاندار کو لوٹنے کی کوشش کی، معمولی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ڈکیتی میں مزاحمت پر 2 افراد قتل

مجید کالونی کے ایس ایچ او ماجد کورائی نے بتایا کہ دکاندار کو سینے اور بائیں ہاتھ میں گولی لگی جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

بعد ازاں لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کیا گیا، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان نے دکان نے کچھ نہیں اُٹھایا۔

ایک اور واقعے میں زمان ٹاؤن کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے راہ گیر جاں بحق ہوگیا۔

زمان ٹاؤن کے ایس ایچ او ہمایوں احمد خان نے بتایا کہ تقریباً 4 سے 5 ڈاکوؤں نے سیکٹر 48 ایف میں دودھ فروش سے نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا۔

جب ڈکیتی کے بعد ملزمان فرار ہونے لگے تو علاقہ مکینوں نے شور مچادیا، ایسے میں موقع پر موجود لوگوں نے ڈاکوؤں پر پتھراؤ کیا جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی اور 35 سالہ راہ گیر محمد شفیع موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران اسٹریٹ کرائمز میں خطرناک اضافہ

پولیس کے مطابق انہیں گردن میں گولی لگی تھی، لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جے پی ایم سی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ایک اور واقعے میں اتوار کی شام لیاقت آباد نمبر 4 میں شہریوں نے ڈکیتی کرنے والے ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی تو ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

سُپر مارکیٹ کے ایس ایچ او حاجی ثنااللہ کا کہنا تھا کہ مسلح ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے، انہوں نے لیاقت آباد میں موجود اِرم بیکری کے قریب ڈکیتی کی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: گھروں میں ڈکیتی، مزاحمت پر خاتون ڈاکٹر اور پولیس افسر کا گارڈ قتل

پولیس کے مطابق ڈکیتی کے بعد قریبی دکانوں کے کچھ ملازمین نے ڈاکوؤں کو پکڑنے کی کوشش کی۔

اسی دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 50 سالہ شکیل محمد اور 30 سالہ مزمل گولی لگنے سے زخمی ہوگئے، دونوں زخمیوں کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج 30 سالہ مزمل دم توڑ گیا۔

ڈکیتی مزاحمت کے دوران 2 افراد زخمی

لانڈھی پولیس کے مطابق لانڈھی 89 میں ملزمان نے صادق میڈیکل اسٹور میں ڈکیتی کی کوشش کی، دکاندار نے ڈکیتی پر مزاحمت کی تو ملزمان نے 45 سالہ ذوالفقار نامی شخص کو گولی مار کر زخمی کردیا، زخمی شخص کو جناح میڈیکل ہسپتال منتقل کیا گیا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں پی ٹی آئی سے وابستہ 'صحافی' قتل

اس کے علاوہ گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں مسلح ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 2 افراد کو گولی مار کر زخمی کردیا۔

لانڈھی کے علاقے 36-بی میں واقع پیالہ ہوٹل میں ڈکیتی کی کوشش میں مزاحمت کرنے پر 20 سالہ نامعلوم شخص کو چاقو مار کر زخمی کردیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں