طویل انتظار کے بعد تھرلر فلم ’کرما‘ ریلیز

اپ ڈیٹ 09 ستمبر 2022
شائقین نے بھی فلم کی تعریفیں کیں—پرومو فوٹو
شائقین نے بھی فلم کی تعریفیں کیں—پرومو فوٹو

شائقین کا طویل انتظار ختم ہوا اور ہارر تھرلر فلم ‘کرما’ کو ملک بھر کے سینماؤں میں پیش کردیا گیا۔

ملک میں موجود مختلف سماجی مسائل پر بنائی گئی تھرلر فلم کو گزشتہ برس ریلیز کیا جانا تھا مگر کورونا کی وبا کے باعث ایسا نہ ہوسکا تھا اور مئی میں اس کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے جلد ریلیز کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا۔

امکان تھا کہ فلم کو عید الاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا مگر ایسا نہ ہونے پر اسے اب ملک بھر کے سینماؤں میں پیش کردیا گیا۔

اداکارہ ژالے سرحدی نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں مداحوں کو بتایا کہ ان کا طویل انتظار ختم ہوا اور ان کی فلم کو اب بڑے پردے پر دیکھا جا سکتا ہے، فلم کو کراچی سمیت ملک کے بڑے شہروں کی سینماؤں میں ریلیز کیا گیا ہے۔

فلم کی کہانی فواد حئی نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اسے پروڈیوس کیا ہے جب کہ سینماٹوگرافی کی ذمہ داریاں فرحان نے ادا کی ہیں، جنہوں نے فلم کو ہولی وڈ اسٹائل میں فلمانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہارر تھرلر پاکستانی فلم ‘کرما’ کا پہلا ٹریلر ریلیز

کرما’ کی کہانی چائلڈ لیبر، بدلے، پیڈوفیلیا اور خواتین کو خودمختار بنانے کے علاوہ اسی طرح کے دیگر انتہائی اہم معاملات کے گرد گھومتی ہے۔

فلم میں عدنان صدیقی نے منفی اور شاطر کردارادا کیا ہے اور انہیں لگڑری کاروں اور حسین خواتین کے ساتھ ملتے اور عیاشیاں کرتے دکھایا گیا ہے۔

فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح بڑے عہدوں پر پہنچنے والے افراد کی زندگی بھی کسی نہ کسی طرح مسائل کا شکار رہتی ہے اور وہ بھی سماج میں پھیلے کچھ نہ کچھ غلط کاموں میں ملوث ہوتے ہیں۔

فلم میں خواتین کو بھی منفی کرداروں اور گینگسٹرز کے حصے کے طور پر دکھایا گیا ہے جب کہ اس میں کراچی کی سڑکوں پر لگژری کاروں کی ریس کو بھی شاندار انداز میں دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔

فلم کی ٹیم کا دعویٰ ہے کہ ‘کرما’ میں پہلی بار پاکستانی شائقین کو ہارر کے ایسے مناظر دیکھنے کو ملے ہیں کہ وہ ہولی وڈ فلمیں بھول جائیں گے۔

فلم میں عدنان صدیقی، ژالے سرحدی، نوین وقار، اسامہ طاہر، پارس مسرور، وجدان شاہ، ارجمند رحیم، خالد انعم اور ایمان خان کے علاوہ دیگر اداکاروں نے ایکشن دکھائے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں