• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:31pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:31pm

پاکستان کو سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے امریکا کی مسلسل تعاون کی یقین دہانی

شائع September 17, 2022
وال اسٹریٹ جرنل نےخبردار کیا ہے کہ پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب معاشی ترقی کو روک دے گا—فائل فوٹو: اے پی پی
وال اسٹریٹ جرنل نےخبردار کیا ہے کہ پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب معاشی ترقی کو روک دے گا—فائل فوٹو: اے پی پی

وائٹ ہاؤس نے پاکستان کو رواں سال کے بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیریس نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ امداد اور بحالی کی اس غیرمعمولی ضرورت سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کے لیے ایک لمحہ بھی ضائع نہ کریں'۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں اور امیر ممالک سے میری اپیل ہے کہ وہ پاکستان کو مالی امداد فراہم کرنے میں ایک لمحہ بھی ضائع نہ کریں جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'اس طرح کی امداد مزید بدتر صورتحال سے بچنے اور ساتھ ہی ریلیف، بحالی اور تعمیر نو کے لیے ضروری ہے، میں نے دنیا میں کہیں بھی ایسا کچھ نہیں دیکھا'۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرین کی پاکستان کو 'ماحولیاتی معاوضہ' طلب کرنے کی تجویز

امریکی محکمہ صحت کے ایک سینئر عہدیدار ڈاکٹر اتُل گواندے نے عالمی برادری کو یاد دہانی کروائی کہ 'ہر چیز کی تعمیر نو ایک ساتھ ممکن نہیں، یہ کام مہینوں اور برسوں پر محیط ہوگا۔

ڈاکٹر اتُل گواندے پاکستان میں امریکی امدادی سرگرمیوں کی نگران 'امریکی ایجنسی برائے عالمی امداد' میں عالمی صحت کے اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر ہیں۔

یہ یقین دہانیاں اور اپیلیں امدادی ماہرین اور اقتصادیات کے ماہرین کی جانب سے اس انتباہ کے بعد کی گئی ہیں کہ رواں سال کے سیلاب نے پاکستان کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اور ملک کو اس آفت سے نکلنے کے لیے بڑے پیمانے پر مدد کی ضرورت ہوگی جس کا ذمہ دار کئی لوگ گلوبل وارمنگ کو ٹھہرا رہے ہیں۔

وال اسٹریٹ جرنل نے پاکستان کی صورت حال پر اپنی تازہ ترین رپورٹ میں خبردار کیا کہ 'حالیہ تباہ کن سیلاب معاشی ترقی کو روک دے گا اور پاکستان میں خوراک کی شدید قلت پیدا کر دے گا جس سے ایک ایسے ملک کو نئے سرے سے خطرہ لاحق ہو جائے گا جو پہلے ہی معاشی اور سیاسی عدم استحکام سے دوچار ہے'۔

مزید پڑھیں: سندھ: بعض علاقوں میں پانی کی سطح میں کمی کے باوجود حکام محتاط   واشنگٹن میں دی جانے والی ایک بریفنگ میں وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرین جین پیئر نے بتایا کہ امریکا پہلے ہی پاکستان میں قدرتی آفات اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے 5 کروڑ 31 لاکھ ڈالر فراہم کر چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی فوج پاکستان میں بذریعہ جہاز امدادی سامان پہنچا رہی ہے جبکہ یو ایس ایڈ نے پاکستان میں ڈیزاسٹر اسسٹنس ریسپانس ٹیم تعینات کر دی ہے، سی ڈی سی کے تکنیکی ماہرین بھی سیلاب کے صحت عامہ پر اثرات سے نمٹنے میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔

ایک اور بریفنگ میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے پاکستان کی مدد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 'پاکستان کو بڑے پیمانے پر مالی وسائل کی ضرورت ہے، ہم ان تمام ممالک سے تعاون کی پرزور اپیل کرتے ہیں جو پاکستان کو اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے وسائل کے مؤثر استعمال میں مدد کر سکتے ہیں'۔

کارٹون

کارٹون : 10 نومبر 2024
کارٹون : 8 نومبر 2024