گلگت بلتستان: چلاس میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2022
مکان کی چھت گرنے کی آواز سنتے ہی مقامی لوگ جائے وقوع پر پہنچے —تصویر: بشکریہ امتیاز علی تاج
مکان کی چھت گرنے کی آواز سنتے ہی مقامی لوگ جائے وقوع پر پہنچے —تصویر: بشکریہ امتیاز علی تاج
پولیس اہلکار نے بتایا کہ گھر کی چھت گرنے کے وقت سرفراز خان گھر پر نہیں تھے — تصویر: عمر باچا
پولیس اہلکار نے بتایا کہ گھر کی چھت گرنے کے وقت سرفراز خان گھر پر نہیں تھے — تصویر: عمر باچا

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے شہر چلاس کے علاقے بونر داس میں صبح سویرے مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد ہلاک ہوگئے۔

اس ضمن میں ایک پولیس اہلکار تاج محمد نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ سرفراز خان کے گھر کی چھت گرنے سے ان کے خاندان کے تمام افراد بشمول ان کی اہلیہ، 4 بیٹیاں اور 4 بیٹے ملبے تلے دب گئے۔

انہوں نے بتایا کہ مکان کی چھت گرنے کی آواز سنتے ہی مقامی لوگ جائے وقوع پر پہنچ گئے اور ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے کے لیے ریسکیو کا کام شروع کیا جو دو گھنٹے تک رہا اور ایک ایک کر کے تمام لاشیں نکال لی گئیں، البتہ کسی کو زندہ نہیں نکالا جاسکا۔

یہ بھی پڑھیں: سکھر: مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق

پولیس اہلکار نے بتایا کہ گھر کی چھت گرنے کے وقت سرفراز خان گھر پر نہیں تھے کیونکہ وہ اپنے کام کی جگہ پر موجود تھے، وہ چلاس شہر کے ایک کیفے میں ویٹر کے طور پر کام کرتے ہیں۔

پولیس نے مقتولین کی شناخت سرفراز کی بیوی خینہ بی بی اور ان کے بیٹوں برکت اللہ، شرافت اللہ، صداقت اللہ اور شفاعت اللہ، 4 بیٹیاں لیلن، کرن، نصرت اور نزہت کے نام سے کی۔

انہوں نے بتایا کہ تمام بہن بھائیوں کی عمریں 2 سے 12 سال کے درمیان تھیں اور گھر کی چھت مٹی سے بنائی گئی کچی چھت تھی جس کے گرنے کے نتیجے میں پورے خاندان کی موت ہوگئی۔

پولیس نے مزید بتایا کہ دوپہر تک چلاس کے بونر داس علاقے میں ہی تمام 9 افراد کی اجتماعی تدفین کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: شیخوپورہ میں بارش سے مکان کی چھت گرگئی، خاندان کے 7 افراد جاں بحق

خیال رہے کہ دیامر اور ملحقہ اضلاع میں زیادہ تر مکانات کا طرزِ تعمیر ایک ہی ہے جس میں پتھروں کی دیواروں اور مٹی کی چھتوں یا دیواروں میں بلاکس اور چھتیں لوہے کے سریوں اور سیمنٹ کے بغیر مٹی سے بنائی جاتی ہیں۔

حالانکہ اسلام آباد سے خنجراب اور کشمیر تک یہ اس خطے کو 2005 کے زلزلے کے بعد فالٹ زون قرار دیا گیا تھا۔

وزیراعظم کا اظہارِ تعزیت

وزیراعظم شہباز شریف نے حادثے پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ چلاس، بونر داس میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے 9 افراد کے جاں بحق ہونے پر بے حد دُکھ ہے۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم متاثرہ خاندان کے غم میں شریک ہیں اور خاندان کے دیگر افراد سے تعزیت کرتے ہیں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

تبصرے (0) بند ہیں