چین: کورونا پابندیوں کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے، لاک ڈاؤن کے خلاف نعرے

اپ ڈیٹ 27 نومبر 2022
مظاہرین نے حکومت کی زیرو کووِڈ پالیسی کو مسترد کردیا — فوٹو: رائٹرز
مظاہرین نے حکومت کی زیرو کووِڈ پالیسی کو مسترد کردیا — فوٹو: رائٹرز

چین میں کورونا پابندیوں کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں، ارومچی اور بیجنگ میں حکومتی اقدامات کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے باری کی، مظاہرین نے حکومت کی زیرو کووِڈ پالیسی کو مسترد کردیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے نیشنل ہیلتھ کمیشن کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت رکھنے والا ملک چین میں گزشتہ روز (26 نومبر کو) 34 ہزار 909 کورونا کے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے۔

چین میں کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ سے حکام نے شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی اور کاروبار پر لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔

چین کی سرکاری خبر رساں ادارے ’شنہوا‘ کے مطابق 24 ستمبر کی رات ارومچی میں ایک عمارت میں آگ لگنے سے 10 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے تھے جس کے بعد شمالی مغربی سنکیانگ کے علاقے میں شہریوں نے شدید احتجاج کیا۔

چین میں سخت لاک ڈاؤن کی وجہ سے چینی حکام نے لوگوں کے گھر کے دروازوں کو لوہے کی تاروں سے بند کردیا تھا جس کی وجہ سے رہائشی افراد عمارت سے باہر نہیں نکل سکے، تاہم چینی حکام نے الزامات کی تردید کردی ہے۔

البتہ ارومچی کی سڑکوں پر سخت لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کیا گیا، مظاہروں کی ویڈیو سوشل میڈیا میں گردش کر رہی تھی جس میں لوگوں کے ہجوم کو دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سیکٹروں لوگ ارومچی کے سرکاری دفاتر کے باہر جمع ہو رہے ہیں اور ’لاک ڈاؤن ختم کرو‘ کے نعرے لگائے جارہے ہیں، ایک اور فوٹیج میں درجنوں لوگ شہر کے مشرقی علاقے میں احتجاج کر رہے ہیں اور سیکیورٹی اہلکاروں اور حکام کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک پلازہ میں لوگ چین کا قومی ترانہ پڑھ رہے ہیں جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ’اُٹھو! وہ لوگ جو غلام نہیں بننا چاہتے‘ جبکہ کئی مظاہرین نے لاک ڈاؤن ختم کرنے کے نعرے لگائے۔

ارومچی پولیس نے چینی مائیکرو بلاگنگ سائٹ ’ویبو‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے عمارت میں آگ سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد سے متعلق آن لائن افواہیں پھیلانے کے الزام میں ایک خاتون کو حراست میں لیا ہے۔

سرکاری نشریاتی ادارے ’سی سی ٹی وی‘ کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ عمارت میں ایک گھر کے کمرے میں بجلی کے بورڈ میں خرابی کی وجہ سے آگ لگی تھی۔

تاہم براڈ کاسٹر کے مطابق ارومچی کے میئر مائیمیتیمنگ کیڈ نے عمارت میں آگ لگنے پر معافی مانگی ہے۔

بیچنک میں میں لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاج کیا گیا، جبکہ شنگھائی حکام نے میوزیم اور لائبریری جیسے مقامات میں داخلے کے لیے کووڈ ٹیسٹ پر سخت پالیسی نافذ کردی ہے، پالیسی کے مطابق لوگوں کو 48 گھنٹون کے اندر کووڈ کی منفی رپورٹ دکھانا ہوگی۔

پاکستان میں کورونا کی نئے کیسز

دوسری جانب ’پی پی آئی‘ کے مطابق پاکستان میں بھی گزشتہ روز 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 27 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، تاہم کورونا سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 7 ہزار 183 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 727 مثبت کیسز کے ساتھ تناسب 0.38 فیصد تھا۔

تاہم یکم نومبر سے ملک میں روزانہ 20 کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں جبکہ صرف 20 نومبر کو 17 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں