• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:31pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:31pm

بلوچستان: ایرانی سرحد سے دہشت گردوں کی فائرنگ، پاک فوج کے 4 سپاہی شہید

شائع January 18, 2023
سرحد پار دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوئے — فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
سرحد پار دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوئے — فائل فوٹو: آئی ایس پی آر

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایرانی سرحد سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 سپاہی شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پاک-ایران سرحد کے قریبی علاقے چکاب سیکٹر میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 سپاہی شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سرحد پر گشت کرنے والے فوجی دستے پر حملہ کرنے کے لیے دہشت گردوں نے ایرانی سرزمین استعمال کی، تاہم ایران کو اپنی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا کہا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردی کے حملے مسلسل ہوتے رہے ہیں۔

گزشتہ برس 25 دسمبر کو بلوچستان میں ضلع ژوب کے علاقے سمبازا میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک سپاہی شہید ہوگیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ سمبازا میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شروع کیا گیا آپریشن 96 گھنٹوں تک جاری رہا۔

اس سے قبل 26 نومبر کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کوہلو میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرکے 9 دہشت گردوں کو ہلاک اور دیگر 3 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں کوہلو کے علاقے سیاہ کوہ میں بی ایل اے (ایچ) کے دہشت گردوں کے خلاف خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی۔

نومبر 2022 میں بلوچستان کے علاقے شاہرگ میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 10 نومبر 2024
کارٹون : 8 نومبر 2024