خیبر پختونخوا میں 5.6 شدت کا زلزلہ، عوام میں شدید خوف و ہراس

اپ ڈیٹ 19 جنوری 2023
ابتدائی طور پر زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی — فائل فوٹو: رائٹرز
ابتدائی طور پر زلزلے سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی — فائل فوٹو: رائٹرز

خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 5.6 تھی تاہم کسی بھی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ایے) کے مطابق جمعرات کو شام ساڑھے 4 بجے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کا مرکز چترال سے 237 کلومیٹر دور مغرب میں واقع تھا اور اس کی گہرائی 190 کلومیٹر تھی۔

خیبر پختونخوا کے علاقوں نوشہرہ، شبقدر، مردان، کوہاٹ، صوابی، لوئر دیر، بنوں، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، خیبر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے جھٹکوں کے نتیجے میں عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور عوام بڑی تعداد میں اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔

پی ڈی ایم اے کو اب تک زلزلے کے نتیجے میں کسی بھی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی۔

اس سے قبل رواں سال 5 جنوری کو بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، پشاور، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے کئی شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔

ان زلزلے کے جھٹکوں کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان میں تھا جس کی شدت 5.9 اور گہرائی 173 کلومیٹر تھی۔

امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا تھا کہ زلزلے کی شدت 5.9 تھی اور افغانستان کے شہر جورم سے 43 کلومیٹر دور تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں