محکمہ انسداد دہشتگردی پنجاب کی کارروائی، کالعدم ٹی ٹی پی سے منسلک ’دہشتگرد‘ گرفتار

08 فروری 2023
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ حکام نے دعویٰ کیا کہ ملزم دہشت گردی کی کارروائی کرنے کے لیے علاقے میں موجود تھا— فائل/فوٹو: ڈان
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ حکام نے دعویٰ کیا کہ ملزم دہشت گردی کی کارروائی کرنے کے لیے علاقے میں موجود تھا— فائل/فوٹو: ڈان

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے ملتان سے ایک مشتبہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گرفتار کیے گئے دہشت گرد کے قبضے سے خودکش جیکٹ برآمد کر لی۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی ملتان نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک مشتبہ رکن کو ملتان سے گرفتار کیا جس کی شناخت محمد حماد عرف کمانڈو موسیٰ کے نام سے ہوئی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار کیے گئے مبینہ دہشت گرد سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ حکام نے دعویٰ کیا کہ ملزم دہشت گردی کی کارروائی کرنے کے لیے علاقے میں موجود تھا۔

کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ملتان نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔

ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحے میں ایک خودکش جیکٹ، ایک پستول، 6 گولیاں اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا جھنڈا شامل ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل رواں ماہ کے شروع میں پولیس نے میانوالی میں مکڑوال پولیس اسٹیشن پر بھاری ہتھیاروں سے لیس کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے عسکریت پسندوں کے ایک گروپ کے حملے کو ناکام بنا دیا تھا۔

یہ واقعہ پشاور دھماکے میں 80 سے زائد افراد کی شہادت کے ایک روز بعد گزشتہ شب پیش آیا تھا۔

یہ حملہ اس لحاظ سے غیرمعمولی تھا کہ دہشت گردوں نے دوبارہ سر اٹھانے کے بعد پہلی بار پنجاب کے کسی پولیس اسٹیشن کو نشانہ بنایا تھا، اس سے قبل اب تک خیبرپختونخوا اور افغانستان سے متصل علاقوں میں پولیس اسٹیشنوں اور چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

کالعدم ٹی ٹی پی سے تعلق رکھنے والے مسلح حملہ آوروں نے پولیس اسٹیشن پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی جب کہ لاہور پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی پنجاب کے ہمراہ دیگر 3 اضلاع کی پولیس ٹیمیں کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف ’بڑے آپریشن‘ کے لیے میانوالی پہنچی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں