انتہاپسند ہندوؤں کے تنازعات اور احتجاج کے باوجود بولی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ ریلیز کے ابتدائی تین ہفتوں میں ریکارڈ 850 کروڑ روپے کمائی کرکے رواں سال کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پانچویں عالمی فلم بھی بن گئی۔

’پٹھان‘ کو بھارت سمیت دنیا بھر کی 8 ہزار سینما اسکرینز پر 25 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا اور یہ پہلی بھارتی فلم بنی تھی، جسے اتنی زیادہ اسکرینز پر پیش کیا گیا تھا۔

فلم نے پہلے ہی دن 100 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کرکے نئے ریکارڈز اپنے نام کیے تھے۔

’پٹھان‘ نے ریلیز کے دوسرے دن پہلے دن سے بھی زیادہ کمائی کی اور مجموعی طور پر صرف دو دن میں فلم کی کمائی 220 کروڑ یعنی تقریباً سوا دو ارب روپے تک جا پہنچی تھی۔

’پٹھان‘ ریکارڈ کمائی کے ساتھ شاہ رخ خان کی پہلے ہی دن سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی بن گئی تھی، ان کے 30 سالہ کیریئر میں کوئی بھی فلم پہلے دن اتنی کمائی نہیں کر پائی تھی۔

اسی طرح ’پٹھان‘ ریکارڈ کمائی کے ساتھ دپیکا پڈوکون اور جان ابراہم کی بھی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بنی تھی۔

لیکن اب فلم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پانچویں عالمی فلم کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق ’پٹھان‘ نے 12 دن کے اندر 850 کروڑ روپے کی کمائی کرکے خود کو ریکارڈ کمائی کرنے والی پانچویں عالمی فلم بھی بنوایا۔

’پٹھان‘ ریکارڈ کمائی کے بعد رواں سال ریکارڈ کمائی کرنے والی چار چینی فلموں کے بعد پانچویں نمبر پر ہے۔

ابھی ’پٹھان‘ کو چین میں ریلیز نہیں کیا گیا، تاہم اس باوجود شاہ رخ خان کی فلم نے ریکارڈ کمائی کرلی۔

دوسری جانب بولی وڈ ہنگامہ کے مطابق 850 کروڑ روپے بٹورنے کے بعد ’پٹھان‘ اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بولی وڈ فلموں کی فہرست میں 8 فروری تک چوتھے نمبر پر آگئی۔

اس وقت سب سے زیادہ کمائی کا اعزاز عامر خان کی فلم ’دنگل‘ کو ہے، دوسرے نمبر پر سلمان خان کی ’بجرنگی بھائی جان‘ جب کہ تیسرے نمبر پر عامر خان کی ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ ہے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ اگلے تین دن میں شاہ رخ خان کی فلم مذکورہ فہرست میں دوسرے نمبر تک پہنچ جائے گی۔

’پٹھان‘ کی ہدایات سدھارتھ آنند نے دی ہیں، اس میں جان ابراہم نے ولن جب کہ شاہ رخ خان نے بھارتی ایجنٹ اور دپیکا پڈوکون نے پاکستانی ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں