آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے درمیان بس سروس کا آغاز

اپ ڈیٹ 23 مارچ 2023
وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس بس سروس کا افتتاح کریں گے — فائل/ فوٹو: ڈان
وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس بس سروس کا افتتاح کریں گے — فائل/ فوٹو: ڈان

آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان (جی بی) کے دارالحکومتوں کے درمیان بس سروس کا آج (جمعرات) سے آغاز ہوگا، جس کو دونوں جانب سے تاریخی قدم قرار دیا جارہا ہے، جس سے پرانے رابطے بحال ہوں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے درمیان 7 دہائیوں سے زائد عرصے بعد دونوں علاقوں کے درمیان رابطے بحال ہو رہے ہیں۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس مظفرآباد میں بس کا افتتاح کریں گے جہاں گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ خالد خورشید خان کی آمد بھی متوقع ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم سردار تنویر الیاس اور وزیر اعلیٰ خالد خورشید خان مذکورہ منصوبے پر تبادلۂ خیال اور دونوں خطوں کے درمیان رابطے مضبوط کرنے کے لیے اقدامات کے حوالے سے اس سے قبل مظفرآباد اور اسلام آباد میں کئی ملاقاتیں کر چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مظفر آباد میں جی بی ہاؤس اور گلگت میں کشمیر ہاؤس کی تعمیر اور آزاد جموں و کشمیر کی وادی نیلم کو گلگت بلتستان کے ضلع استور سے ملانے کے لیے 12.6 کلومیٹر طویل شونٹر ٹنل کی تعمیر کے لیے سنجیدہ کوششیں اس بات اظہار ہے کہ دونوں کی ترجیحات ایک جیسی ہیں۔

رواں ماہ کے اوائل میں دونوں رہنماؤں نے اعلان کیا تھا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے درمیان بس سروس کا افتتاح یوم پاکستان کو کردیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر مذکورہ اقدام کو ہر طرف سے سراہا جا رہا ہے۔

ٹوئٹر پر خان احمد نے کہا کہ ’23 مارچ 2023 آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے تاریخ ساز دن ہوگا، مظفر آباد اور گلگت کے درمیان بس سروس کا آغاز تاریخ میں پہلی دفعہ ہو رہا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کو شاباش دینی چاہیے‘۔

سوشل میڈیا میں صارفین کی بڑی تعداد نے دونوں خطوں کے درمیان بس سروس جیسے اقدام کی بڑی تعریف کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں