مظفرگڑھ: مفت آٹا پوائنٹ پر بھگدڑ مچنے سے بزرگ خاتون جاں بحق

اپ ڈیٹ 25 مارچ 2023
مقامی میرج ہال میں قائم کیے گئے مفت آٹا پوائنٹ کا گیٹ کھلنے پر رش کے باعث بھگدڑ مچ گئی—فائل فوٹو: اے ایف پی
مقامی میرج ہال میں قائم کیے گئے مفت آٹا پوائنٹ کا گیٹ کھلنے پر رش کے باعث بھگدڑ مچ گئی—فائل فوٹو: اے ایف پی

مظفرگڑھ کی تحصیل جتوئی میں مفت آٹے کے پوائنٹ پر رش کے باعث بھگدڑ مچنے سے 60 سالہ بزرگ خاتون جاں بحق ہوگئی۔

مقامی میرج ہال میں قائم کیے گئے مفت آٹا پوائنٹ کا گیٹ کھلنے پر رش کے باعث بھگدڑ مچ گئی، شدید رش کے باعث 60 سالہ ضعیف خاتون شہریوں کے قدموں تلے آکر جاں بحق ہوگئی۔

پولیس کے مطابق 60 سالہ زہرہ بی بی مقامی میرج ہال میں قائم آٹا پوائنٹ کا گیٹ کھلنے کا انتظار کررہی تھیں،گیٹ کھلنے پر سیکڑوں مردوخواتین نے اکٹھے ہی گیٹ سے اندر گھسنے کی کوشش کی۔

اس دوران دھکم پیل کے باعث بزرگ خاتون ہجوم کے قدموں تلے آکر شدید زخمی ہوگئی، ریسکیو کی جانب سے خاتون کو ٹی ایچ کیو ہسپتال جتوئی منتقل کیا جارہا تھا مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی جبكہ اس دوران ایک خاتون زخمی بھی ہوگئی۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھگدڑ مچنے سے خاتون کے جاں بحق ہونے کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او مظفرگڑھ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

یاد رہے چند روز قبل بھی چوک سرور شہید میں 50 سالہ بزرگ خاتون تاج بی بی آٹا پوائنٹ پر دھکم پیل کے سبب جاں بحق ہو گئی تھیں۔

واقعہ سے متعلق ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ آغا ظہیر شیرازی کا کہنا تھا کہ واقعہ کی تحقيقات کا حکم دے دیا ہے، ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل خیبرپختونخوا کے اضلاع چارسدہ اور کوہاٹ میں بھی مفت آٹے کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچنے سے ایک شخص جاں بحق اور دیگر 7 زخمی ہوگئے تھے۔

دوسری جانب کوہاٹ شہر میں گمبٹ کے علاقے میں آٹے کی تقسیم کے مرکز پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے، خاتون کو سر پر چوٹیں آئی تھیں اور انہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

رواں سال کے آغاز میں سندھ کے شہر میرپورخاص میں بھی سستے آٹے کے حصول کے لیے آنے والا شہری ہجوم میں بھگدڑ مچنے سے جان کی بازی ہار گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں