انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچرل ڈیولپمنٹ (آئی ایف اے ڈی) پاکستان میں رواں برس 5 سالہ نیا پروگرام شروع کرے گا جس میں ایک کروڑ انتہائی غربت کا شکار اور چھوٹے کسانوں میں سے دیہاتوں میں مقیم 15 لاکھ افراد کو ہدف بنایا جائے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نئے پروگرام کا مقصد دیہاتوں میں رہنے والے افراد میں غربت کم کرنا اور فوڈ سیکیورٹی بڑھانا ہے۔

ڈان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق کنٹری اسٹریٹجک اپرچونیٹیز پروگرام (سی او ایس او پی) جو 2023 سے 2027 کے دوران 23 کروڑ 10 ڈالر مالیت کے منصوبوں پر مشتمل ہے، اس کی مشترکہ فنانسنگ کی حتمی منظوری کے لیے منصوبہ آئی ایف اے ڈی کے ایگزیکٹیو بورڈ کے سامنے رکھ دیا گیا ہے۔

سی او ایس او پی نے چھوٹے کسانوں کی بہتری اور منظم انداز میں غربت کے خاتمے کے لیے موسمیاتی مزاحمت، موافقت، تخفیف اور ردعمل سے متعلق حکومت کی مدد کے لیے آئی ایف اے ڈی کی حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔

رپورٹ کے مطابق نئے پروگرام کا مجموعی مقصد دیہاتوں سے غربت کے خاتمے اور نوجوانوں، غذائیت اور حساس انداز میں موسمیاتی تبدیلی میں فوڈ سیکیورٹی میں اضافے کے لیے جامع اقدامات میں شراکت داری کرنا ہے۔

نئے پروگرام میں پاکستان میں چھوٹے کسانوں اور دیہاتوں میں انتہائی غربت کے شکار افراد پر توجہ کے ساتھ ساتھ مرکزی علاقوں میں خواتین، نوجوان، غذائیت، موسمیاتی تبدیلی، مخصوص افراد اور مختلف خطوں کے لوگوں سے متعلق منصوبے بھی شامل ہوں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دیہات میں مقیم افراد پر سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے شراکت داروں اور متعلقہ شراکت داروں، دیگر اداروں اور خاص کر زراعت کے حوالے سے کاروبار سے جڑے نجی شعبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے پر زور دیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں