آٹا اسکیم کو سیاست کی بھینٹ چڑھانا زیادتی ہے، شاہد خاقان عباسی معذرت کریں یا ثبوت دیں، عامر میر

اپ ڈیٹ 30 اپريل 2023
عامر میر کا کہنا تھا کہ آٹا اسکیم پنجاب کی تاریخ کی کامیاب ترین اسکیم رہی — فوٹو: ٹوئٹر / صوبائی وزارت اطلاعات
عامر میر کا کہنا تھا کہ آٹا اسکیم پنجاب کی تاریخ کی کامیاب ترین اسکیم رہی — فوٹو: ٹوئٹر / صوبائی وزارت اطلاعات

پنجاب کے نگراں وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے کہا ہے کہ آٹا اسکیم کو پارٹی کی اندرونی سیاست کی بھینٹ چڑھانا سراسر زیادتی ہے، سابق وزیر اعظم اور رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی معذرت کریں یا ثبوت مہیا کریں۔

عامر میر نے شاہد خاقان عباسی کی جانب سے مفت آٹا اسکیم میں مبینہ دھاندلی کے الزامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ الزامات جھوٹے اور من گھڑت ہیں، حکومت پنجاب نے مفت آٹا اسکیم کے تحت پنجاب کے کروڑوں مستحقین کو بڑا ریلیف دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مفت آٹا اسکیم میں ایک پائی کی بھی کرپشن نہیں ہوئی، الزام لگانے والوں کی اپنی ساکھ مجروح ہوئی، آٹا اسکیم پنجاب کی تاریخ کی کامیاب ترین اسکیم رہی۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ اسکیم سے پنجاب کے 3 کروڑ مستحق لوگوں نے فائدہ اٹھایا، آٹا اسکیم کو وفاقی اور پنجاب حکومت نے مل کر فنڈ کیا، پنجاب حکومت پر کوئی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا، پنجاب حکومت ایک ایک پائی کا حساب دے سکتی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ رات وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ رمضان میں پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور اسلام آباد میں کروڑوں غریبوں کو اس مہنگائی میں پوری شفافیت اور ایمان داری سے مفت آٹا فراہم ہوا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خود نگرانی کی، شہروں کے دورے کرکے جائزہ لیا۔

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ تاریخی اسکیم کی کامیابی میں انتظامی افسران اور عملے نے دن رات محنت کی جو قابلِ ستائش ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز رہنما مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ یہ بات ذہن میں رکھ لیں کہ یہ نظام کچھ نہیں کر سکتا، ابھی 84 ارب روپے کی لاگت سے آٹے کی تقسیم ہوئی ہے، میں معذرت سے کہوں گا کہ اس میں 20 ارب سے زائد کی چوری ہوئی ہے۔

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ 10 برس میں تمام جماعتیں حکومت میں رہی ہیں، کیا وہ مسائل حل کر سکی ہیں، یہ کہنا کافی نہیں کہ مجھے منتخب کرا دیں پھر دیکھیں میں کیا کرتا ہوں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ اس وقت پارلیمان میں 40 فیصد اراکین وہ لوگ ہیں جن کی سیاسی جماعت کسی کو بھی ان سیٹوں پر لا سکتی ہے، آج یہ 10 رکنی کابینہ نہیں بنا سکتے جو ملکی معاملات کو سمجھ سکتے ہوں۔

تبصرے (0) بند ہیں