پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام سروس کچھ دیر ڈاؤن رہنے کے بعد بحال ہوگئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب انسٹاگرام سروس ڈاؤن ہوگئی تھی جس کی وجہ سے ہزاروں صارفین ایپلی کیشن تک رسائی حاصل نہیں کرسکے تھے۔

میٹا کے ترجمان نے رائٹرز کو بتایا کہ تکینیکی مسائل کی وجہ سے کچھ لوگوں کو انسٹاگرام تک رسائی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا’۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ دیر کے لیے سروس ڈاؤن ہونے کے بعد اب انسٹاگرام بحال ہوگیا ہے۔

میٹا نے انسٹاگرام تک رسائی نہ ہونے والے صارفین کی تعداد ظاہر نہیں کی البتہ سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کی بندش پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈی ٹیکٹر کے مطابق امریکا میں ایک لاکھ صارفین،کینیڈا میں 4 ہزار اور برطانیہ میں 56 ہزار صارفین انسٹاگرام تک رسائی حاصل کرنے سے محروم رہے۔

یعنی دنیا بھر سے ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد صارفین کو سوشل میڈیا ایپلی کیشن تک رسائی حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈاؤن ڈی ٹیکٹر کے مطابق اتوار کو تقریباً 5 بجکر 45 منٹ پر کچھ صارفین کی جانب سے انسٹاگرام ڈاؤن ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں اور رات 8 بجکر 30 منٹ تک صارفین کی تعداد 8 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔

انسٹاگرام ڈاؤن ہونے کے بعد ٹوئٹر پر میمز کی بھرمار

تبصرے (0) بند ہیں